Friday, April 26, 2024

پاکستان کا امریکا کی بھارت کو ہارپون میزائلز اور ٹارپیڈوز کی فروخت پر تحفظات کا اظہار

پاکستان کا امریکا کی بھارت کو ہارپون میزائلز اور ٹارپیڈوز کی فروخت پر تحفظات کا اظہار
April 18, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) امریکا کی بھارت کو ہارپون میزائلز اور ٹارپیڈوز کی فروخت کے معاملہ پر پاکستان نے شدید تحفظات کا اظہار کردیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے ہتھیاروں کی فروخت سے خطہ عدم استحکام کا شکار ہو جائے گا، میزائلوں کی فروخت کورونا وباء کیخلاف جنگ کے تناظر میں پریشان کن ہے۔ ترجمان کے مطابق پاکستان کئی مرتبہ عالمی برادری کو بھارتی جارحانہ عزائم سے آگاہ کر چکا، بھارت کو میزائلز کی فراہمی جنوبی ایشیاء کی سلامتی کی ابتر صورتحال مزید خراب کر سکتی ہے۔ بھارت کورونا وائرس کی عالمی جنگ کی آڑ میں کوئی جعلی آپریشن کر سکتا ہے، پاکستان کشیدگی بڑھانے کا نہیں، ہر ممکن صبر و تحمل کا حامی ہے۔ پاکستان کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ عالمی برادری بھارت کی اشتعال انگیزیوں کا نوٹس لے، بھارت نے لائن آف کنٹرول پر 2017 میں 1300، 2018ء میں 2350 مرتبہ فائر بندی کی خلاف ورزیاں کیں، بھارت گذشتہ سال 2019ء میں 3351، رواں سال ابتک 765 بار فائر بندی کی خلاف ورزیاں کر چکا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی خطرے سے نمٹنے، مادر وطن کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔