Monday, May 13, 2024

پاکستان کا 73واں جشن آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

پاکستان کا 73واں جشن آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے
August 14, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) پاکستان کا 73واں جشن آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے  ، گریٹر اقبال پارک، سی ویو اور دیگر مقامات پر آتش بازی کی گئی ، آسمان روشنیوں سے جگمگایا۔ کراچی میں جشن آزادی منانے کیلئے عمارتوں کو دلہن کی طرح سجایا، شاہراہوں پر سبز اور سفید لائٹیں قومی پرچم کا عکس پیش کرنے لگیں۔

باب خیبر، گھنٹہ گھر اور دیگر تاریخی عمارتیں بھی سج گئیں، جمرود میں تاریخی باب خیبر پر آتش بازی سے آسمان روشن ہو گیا ۔ فیصل آباد میں دیگر سرکاری و غیر سرکاری عمارتوں پر بھی چراغاں، اسلام آباد، سرگودھا، سیالکوٹ اور دیگر شہروں میں بھی عمارتیں برقی قمقموں سے روشن ہو گئیں۔

لاہور کے لبرٹی چوک اور گریٹر اقبال پارک میں تقریبات کا اہتمام کیا گیا جس میں  موسیقی کا بھی تڑکا لگا۔  ادھر جشن آزادی منانے کیلئے بڑی تعداد میں لوگوں نے مری میں بھی ڈیرے ڈال دیئے، مال روڈ پر ہلہ گلہ جاری ہے۔

جشن آزادی منانے کیلئے بچے بڑے سبھی پُر جوش ہیں ، جھنڈوں اور دیگر اشیا کی خریداری میں جوش و خروش نظر آرہا ہے ۔ آپ جشن آزادی کے موقع پر اپنی تصاویر نائنٹی ٹو نیوز کو بھیجیں ہم نشر کریں گے۔