Monday, May 13, 2024

پاکستان، چین، بنگلہ دیش، اور سری لنکا کیلئے بھارت ایک خطرہ ہے، وزیراعظم

پاکستان، چین، بنگلہ دیش، اور سری لنکا کیلئے بھارت ایک خطرہ ہے، وزیراعظم
October 31, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا بھارت ایک فسطائی ریاست ہے جو چین، بنگلہ دیش اور سری لنکا کیلئے خطرہ ہے۔ اُنہوں نے کہا غریب عوام کی پریشانی کو دیکھتے ہوئے ملک میں اسمارٹ لاک ڈاون کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے جرمن جریدے کو انٹرویو میں، بھارتی انتہا پسندی، مقبوضہ جموں و کشمیر، کورونا وائرس پر پاکستانی پالیسی اور امریکی الیکشن کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ بھارت ایک فسطائی ریاست ہے کیونکہ وہاں خطےکی سب سے زیادہ انتہا پسند حکومت ہے، مودی حکومت پاکستان اور پڑوسی ممالک چین ، بنگلہ دیش اور سری لنکا کیلئے بھی خطرہ ہے۔ کورونا وائرس پر بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں تقریباً آدھی سے زیادہ آبادی یومیہ اجرات پر کام کرتی ہے، غریب عوام کا خیال کرتے ہوئے سمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی اپنائی۔ زرعی شعبے کو بند نہیں کیا اور جلد تعمیرات کے شعبے کو بھی دوبارہ کھول دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہفتے میں 2 لاکھ کورونا ٹیسٹ کر رہے ہیں۔ اُمید ہے وائرس کی دوسری لہر سے بھی کامیابی سے نکل جائیں گے۔ وزیراعظم نے امریکی الیکشن پربات کے دوران کہا امریکا کو پاکستان اور بھارت کیساتھ تمام معاملات خصوصا مسئلہ کشمیر پر برابری کی سطح کا برتاؤ کرنا چاہئے۔