Friday, April 26, 2024

پاکستان پیپلزپارٹی کے پاکستان تحریک انصاف کے اتحادیوں سے رابطے

پاکستان پیپلزپارٹی کے پاکستان تحریک انصاف کے اتحادیوں سے رابطے
December 30, 2020

کراچی (92 نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی نے پاکستان تحریک انصاف کے اتحادیوں سے رابطوں کا باضابطہ طور پر آغاز کر دیا ۔ پیپلزپارٹی کا وفد ایم کیو ایم کے مرکز بہادر آباد پہنچا ۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے وفد میں سعید غنی ، تاج حیدر اور وقار مہدی شامل تھے  جن کا استقبال ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ  اظہار الحسن ، فیصل سبزواری اور دیگر نے کیا۔

دونوں جماعتوں کے وفود میں سینیٹ الیکشن سمیت مردم شماری کے نتائج پر تبادلہ خیال ہوا،فیصل سبزواری نے کہا کہ پیپلز پارٹی سے پہلے بھی بات ہوتی رہی،لاک ڈاؤن کے معاملے پر انکا ساتھ دیا۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ 2018 میں تحریک انصاف کے ساتھ تحریری معاہدے میں مردم شماری کی درستی پہلا مطالبہ تھا، وزیر اعلی سندھ سے اپیل ہے کہ یہ معاملہ مشترکہ مفادات کونسل میں اٹھائیں، انکا کہنا تھا کہ مردم شماری کے معاملے پر تحریک انساف کی اعلی قیادت نے ایم کیو ایم پاکستان سے رابطہ کیا ہے ۔

اس موقع پر سینیٹر تاج حیدر کا کہنا تھا کہ سینیٹ آف پاکستان میں ایک معاہدہ ہوا تھا جس میں تحریک انصاف سمیت ساری جماعتوں کے دستخط ہیں، یہاں پر ایک لاکھ چالیس کڑور آبادی کم دیکھائی گئی ہے ۔

ایم کیو ایم پاکستان اور پیپلز پارٹی نے عوامی مسائل کے حل کے لیے ایک دوسرے سے رابطہ رکھنے پر اتفاق بھی کیا ۔