Friday, May 17, 2024

پاکستان پُرامن اور ذمہ دار جوہری ملک ہے، دفتر خارجہ

پاکستان پُرامن اور ذمہ دار جوہری ملک ہے، دفتر خارجہ
October 15, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کا کہنا ہے پاکستان پرامن اور ذمہ دار جوہری ملک ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، جنگی جرائم میں ملوث ہے۔

ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا پاکستان ہر قسم کی بھارتی جارحیت سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔ بھارت، پاکستان کے خلاف فالس فلیگ آپریشن کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا مقبوضہ علاقے میں ایک ہفتے میں 20 کشمیری بے دردری سے قتل کر دئیے گئے۔ 1400 سے زائد کشمیریوں پر جعلی مقدمے قائم کئے گئے۔ بھارت نے نہتے کشمیریوں کے خلاف جارحانہ اقدامات کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ پاکستان کشمیریوں کی حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔

عاصم افتخار بولے کہ پاکستان نے بھارت میں اسلاموفوبیا، اقلیتوں کے خلاف مظالم پر دنیا کی توجہ مبذول کرائی ہے۔ اپیل کرتے ہوئے کہا بھارت کو علاقائی امن و استحکام کے لئے خطرہ بننے سے روکا جائے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا امریکی نائب وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان میں دونوں ممالک نے تعلقات کو مختلف شعبوں میں فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ پاکستان امریکا کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔ افغانستان کی معاشی اور انسانی امداد ناگزیر ہے، عالمی برادری مدد کرے۔