Wednesday, April 24, 2024

پاکستان پر کوئی حملہ کیا ہی نہیں،امریکی تھنک ٹینک

پاکستان پر کوئی حملہ کیا ہی نہیں،امریکی تھنک ٹینک
March 3, 2019
نیویارک ( 92 نیوز)  پاکستان میں بالا کوٹ حملے کے دعوے پر مودی سرکار کی دنیا بھر میں رسوائی کا سلسلہ تسلسل سے جاری ہے ۔ پاکستان کے علاوہ دنیا بھر کے دفاعی ماہرین بھی مودی سرکار کوآئینہ دکھا کر شرمندہ کر رہ ہیں ۔ بھارتی میڈیا پر بیٹھے نام نہاد تجزیہ کاروں نے پاکستان پر حملے کے جھوٹ کو سچ کرنے کیلئے سر دھڑ کی بازی لگادی مگر بھارتی سرکار اور میڈیا کی جانب سے  ثبوت پیش نہ کئے جا سکے، جس کے بعد سوالات کا سلسلہ شروع ہوا تو  سب کنفیوز ہو گئے ۔ امریکی تحقیق کار مائیکل شیلڈن نے ثبوتوں کے ساتھ بھارتی سازش بے نقاب کردی ۔ پاک فوج کی جانب سے بھارتی پےلوڈ کی تصاویر جاری کی گئیں،، جو وہ بھاگتے ہوئے پھینک گئے تھے، مائیکل شیلڈن نے ان ٹکڑوں پر بھی تحقیق کی ۔ وہ لکھتے ہیں کہ یہ اسرائیلی ساختہ سپائس 2000 گائیڈڈ بم کے ہیں ۔ سپائس 2000 بم میں ایک ہزار کلو بارودی مواد ہوتا ہے، جس سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوتی ہے، یہ میزائل فضا سے زمین پر مار کرنے کیلئے استعمال ہوتا ہے۔ مائیکل شیلڈن کہتے ہیں بھارت کا دعویٰ ہے کہ اس نے تربیتی مرکز کو تباہ کیا، انھوں نے سٹیلائٹ کی پچیس اور ستائیس فروری کو لی گئی دو سٹیلائٹ تصاویر شائع کی ہیں، جن میں کسی تباہی کے آثار نظر نہیں آتے، اگر کچھ تباہ ہوا بھی ہے تو وہ صرف صنوبر کے چند درخت ہی ہیں۔ بھارت کو پاکستان کے خلاف ہر میدان میں منہ کی کھانی پڑرہی ہے،پاکستان نے جو بھی کارروائی کی اسے ثبوت کے ساتھ پیش کیاجسے عالمی سطح پر بھی سراہا گیا۔