Wednesday, May 1, 2024

پاکستان پر چھائے گرد کے بادلوں کا دورانیہ ایک ماہ تک ہو سکتا ہے : ناسا

پاکستان پر چھائے گرد کے بادلوں کا دورانیہ ایک ماہ تک ہو سکتا ہے : ناسا
November 3, 2016
اسلام آباد (92نیوز) لاہور سمیت میدانی علاقے گرد کے طوفان کی لپیٹ میں آ گئے۔ یہ طوفان وسطی ایشیائی ریاستوں‘ افغانستان اور ایران سے اٹھا ہے۔ ناسا کاکہنا ہے کہ پورا مہینہ ایسے ہی رہے گا۔ محکمہ موسمیات نے وارننگ جاری کردی کہ گرد کا طوفان النینو کا حصہ ہے۔ پہاڑیوں پر برف کم پڑے گی۔ تفصیلات کے مطابق دوتین روز سے لاہور میں موسم بڑا عجیب ہے۔ ابھی ٹھنڈ شروع نہیں ہوئی تو پھر یہ دھند کے بادل کیوں منڈلا رہے ہیں۔ ایسی دھند جس میں شہریوں کو سانس لینے میں دشواری ہونے لگی۔ آنکھوں سے آنسو بھی نکل آئے۔ آخر کار 92نیوزنے پتہ چلا لیا کہ یہ دھند نہیں گرد کا طوفان ہے۔ ناسا کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق لاہور سمیت میدانی علاقوں اور بحیرہ عرب پر چھایا گرد کا طوفان افغانستان‘ ایران اور سطی ایشیائی ریاستوں سے اٹھا ہے۔ گرد کا طوفان پورے خطے میں خشک سالی کے باعث بنا جو مغربی ہواوں کے ساتھ بحیرہ عرب پہنچا جہاں سمندر میں چلنے والی شمال مشرقی ہوائیں اس طوفان کو میدانی علاقوں میں لے کر آئیں۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کی گئی ایڈوائزری میںکہا گیا ہے کہ لاہور اور میدانی علاقوں میں چھایا گرد کا طوفان موسمی اثرات النینو کا حصہ ہے۔ یہ گردآلود کیفیت ایک ماہ چلنے کا امکان ہے اور اس کا سلسلہ دیگر علاقوں میں بھی پھیلنے کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے یہ پیشگوئی بھی کی ہے کہ رواں موسم سرما میں پہاڑوں پر برف باری کم ہو گی اور بارشوں کا بھی سلسلہ بھی کم رہے گا جس کی وجہ سے راتیں ٹھنڈی اور دن گرم ہو نگے اس لیے پانی کے ذخائر کی جانب توجہ دی جائے اور ربیع سیزن میں گندم کی کاشت کے لیے پانی کا ذخیرہ رکھا جائے۔