Thursday, April 25, 2024

پاکستان پر پانی بحران کے خطرات ، کالا باغ ڈیم کی تعمیر اہمیت اختیار کر گئی

پاکستان پر پانی بحران کے خطرات ، کالا باغ ڈیم کی تعمیر اہمیت اختیار کر گئی
June 26, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان پر بدترین پانی بحران کے خطرات منڈلانے لگے۔ قحط سالی کے بھی خدشات سر اٹھانے لگے ۔ ایسے میں کالا باغ ڈیم کی تعمیر انتہائی اہمیت اختیار کر گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق کالا باغ ڈیم سے نا صرف سستی بجلی پیدا ہو گی بلکہ لاکھوں ایکڑ اراضی بھی آباد ہو گی۔ صدر ایوب کے دور میں ڈیم کی تعمیر شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا مگر کام کے آغاز سے قبل ہی حکومت ختم ہو گئی۔ جنرل ضیا الحق کے دور میں کام کا آغاز ہوا تو ڈیم کو متنازعہ بنا دیا گیا۔ نواز شریف اور صدر پرویز مشرف نے بھی ڈیم بنانے کی کوشش کی مگر کامیاب نہ سکے۔ کالا باغ ڈیم پر پیدا ہونے والے تنازعات اس قدر بڑھ چکے ہیں کہ تین صوبوں کی اسمبلیاں ڈیم کی تعمیر کے خلاف قراردادیں منظور کر چکی ہیں۔ سندھ ڈیم کے معاملے پر بات کرنے کو تیار ہی نہیں۔ خیبرپختونخوا اپنے شہر ڈوبنے کے خدشات کا اظہار کرتا ہے، پنجاب کے زیادہ فوائد سمیٹنے کی بھی باتیں کی جاتی ہیں۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ ، آئینی ترامیم اور فاٹا اصلاحات  سمیت دیگر ایشوز پراتفاق رائے ہو سکتا ہے تو کالاباغ ڈیم پر کیوں نہیں؟ وقت آگیا ہے ملک کو پانی بحران سے نکالنے اور آنے والی نسلوں کو بچانے کے لیے سیاسی قیادت اپنی ذمہ داریاں نبھائے۔