Thursday, April 25, 2024

پاکستان پر ٹرمپ کی ٹویٹ نے امریکی اہلکاروں کو حیران کر دیا

پاکستان پر ٹرمپ کی ٹویٹ نے امریکی اہلکاروں کو حیران کر دیا
January 12, 2018

واشنگٹن (92 نیوز) یکم جنوری کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پاکستان بارے ٹویٹ نے خود امریکی حکام کو حیران کر دیا تھا۔ خبر ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی انتظامیہ ڈونلڈ ٹرمپ کی اس اچانک ٹویٹ اور پالیسی بیان کیلئے بالکل تیار نہیں تھی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنی ہی انتظامیہ کو اندھیرے میں رکھ کر ٹویٹس کے ذریعے خارجہ پالیسیوں کاتعین کرنے لگے۔ سال نو کے پہلے دن پاکستان کی امداد سے متعلق کی گئی ٹویٹ سے بھی ٹرمپ انتظامیہ بے خبرنکلی۔

برطانوی خبررساں ادارے نے مختلف امریکی عہدیداروں کے انٹرویو کئے ہیں جن میں حکام کا کہنا تھا کہ یکم جنوری دو ہزار اٹھارہ کو کی گئی امریکی صدر کی ٹویٹ نے جہاں پاکستان سے تعلقات کو کشیدہ کیا وہیں اس پر امریکی حکام بھی ششدر رہ گئے۔

خبر ایجنسی رائٹرز نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر ٹرمپ نے پاکستان کی امداد بند کرنے کا اعلان کیا تو امریکی انتظامیہ کو کچھ پتا نہیں تھا کہ کتنی امداد بند کرنی ہے؟ پاکستان کے حوالے سے پالیسی مارچ، اپریل تک تیار ہونا تھی اور اسکا اعلان بھی تب ہی کیا جانا تھا۔

خبر ایجنسی نے امریکی عہدیداروں کے حوالے سےدعویٰ کیا ہے کہ ٹرمپ کو کس نے پاکستان کے حوالے سے وقت سے بہت پہلے بیان دینے پرمجبور کیا، کچھ پتا نہیں۔ ٹرمپ نے نئے سال کی شام فلوریڈا میں ایک پارٹی میں گزاری،صبح اٹھ کر سات بجکر بارہ منٹ پر اچانک پاکستان بارے ٹویٹ کر دی۔

ٹرمپ کی ٹویٹ کے چارروز بعد ٹرمپ انتظامیہ نے امداد کی بندش کا اعلان تو کردیا مگر وزارت خارجہ بھی اس بارے میں لاعلم تھی کہ امداد میں کتنی کٹوتی کرنی ہے۔