Friday, September 20, 2024

پاکستان پر قرضوں کے بوجھ میں اضافہ، اگلے سال مزید 50 کروڑ ڈالر کے یورو بانڈز جاری کرنیکا اعلان

پاکستان پر قرضوں کے بوجھ میں اضافہ، اگلے سال مزید 50 کروڑ ڈالر کے یورو بانڈز جاری کرنیکا اعلان
March 5, 2016
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) پاکستان پر قرضوں کے بوجھ میں اضافہ۔ وزارت خزانہ نے اگلے سال مزید 50 کروڑ ڈالر کے یورو بانڈز جاری کرنے کا اعلان کر دیا جس کی شرح سود اور ٹائمنگ کا تعین بین الاقوامی ادارے کریں گے۔ سینیٹ نے گزشتہ سال ستمبر میں جاری کیے گئے یورو بانڈز کی تحقیقات شروع کر دیں۔ وزارت خزانہ نے اس سال یورو بانڈز کے ذریعے 50 کروڑ ڈالر غیرملکی قرضہ لینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ 2017 میں بھی یورو بانڈ جاری کیے جائیں گے۔ وزارت خزانہ یورو بانڈز کے ذریعے عالمی مارکیٹ میں موجودگی برقرار رکھنے کی خواہشمند ہے۔ موجودہ حکومت کے دوران اب تک قرضوں میں پانچ ہزار ارب روپے کا اضافہ ہو چکا ہے، صرف گذشتہ ایک سال کے دوران ایشیائی ترقیاتی بنک اور ورلڈ بنک سے بھی ڈیڑھ ارب ڈالر کے قرضے لیے گئے ہیں۔ مجموعی قرضوں کا حجم ساڑھے انیس ہزار ارب روپے ہے جس میں سات ہزار ارب غیر ملکی جبکہ ساڑھے بارہ ہزار ارب مقامی قرضہ ہے۔ 2015 میں حکومت نے 3.5 ارب ڈالر کا غیرملکی قرضہ واپس کیا جبکہ اگلے مالی سال کے دوران 4 سے 5 ارب ڈالر کا قرض واپس کرنا ہو گا۔ پاکستان نے گذشتہ برس ستمبر میں 50 کروڑ ڈالرز کے یورو بانڈز تاریخ کی بلند ترین شرح سود 8.25 فیصد پر جاری کیے تھے جبکہ اسی عرصے میں نایجیریا اور سری لنکا سمیت دیگر ممالک نے 5 سے 6 فیصد کی شرح سود پر یورو بانڈز جاری کیے تھے۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ نے اتنے بلند شرح سود پر جاری ہونے والے یورو بانڈز کی تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔