Saturday, May 18, 2024

پاکستان پر حملہ ہوا تو سوچنے کی بجائے جواب دینگے ، وزیر اعظم

پاکستان پر حملہ ہوا تو سوچنے کی بجائے جواب دینگے ، وزیر اعظم
February 19, 2019
اسلام آباد  ( 92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے  قوم سے خطاب کرتے ہوئے  کہا کہ اگر کسی نے پاکستان پر حملہ کیا گیا تو سوچ بچار کی بجائے منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ وزیر اعظم نے  خطاب میں کہا کہ  پلوامہ واقعے کے بعد بھارت کی جانب سے الزام تراشی کا جواب پہلے دینا چاہتا تھا مگر سعودی ولی عہد کے دورے سے توجہ  ہٹنے  کے پیش نظر ایسا نہ کر سکا۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ میں آج اپنے خطاب میں ہندوستان کے الزامات پر جواب دے رہا ہوں، پلوامہ واقعے کا ہمیں کیا فائدہ ، ہمارے تو خود ایک بہت بڑی کانفرنس ہو رہی تھی ، کوئی احمق اپنی کانفرنس کو سبوتاژ کرنے  کیلئے ایسا فیصلہ کریگا۔ عمران خان نے کہا کہ بار بار الزامات پاکستان پر لگائے جاتے ہیں ، یہ نیا پاکستان ہے نئی سوچ ہے ، ہم استحکام چاہتے ہیں ،بھارت کسی بھی قسم کی تحقیقات چاہتا ہے تو ہم تیار ہیں ۔ وزیر اعظم کا کہنا تھ اکہ جنگ مسلط کی گئی تو پاکستان کے پاس جواب دینے کے سوا کوئی راستہ نہیں ہوگا، جنگ شروع کرنا آسان ، ختم کرنا مشکل ہوتا ہے ،یہ مسئلہ صرف بات چیت سے ہی حل ہوگا۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے 15 سال تک دہشتگردی کیخلاف جنگ لڑی جس میں 70 ہزار پاکستانی شہید ہوئے ، اب جب پاکستان میں دہشتگردی نیچے جا رہی ہے تو ہم کیوں ایسا کوئی کام کریں گے ۔ وزیر اعظم نے پوچھا کہ کیا وجہ ہے کہ کشمیری نوجوان اس انتہا تک پہنچ چکے ہیں ، کیا طاقت سے مسئلہ کشمیر  حل ہو جائے گا، یہ فوجی طاقت سے نہیں بات چیت سے ہی حل ہوگا۔ وزیر اعظم کے خطاب سے قبل  تلاوت کلام پاک کی گئی جس کے بعد پاکستانی کے قومی ترانے کی دھن بجائی گئی ۔