Friday, May 10, 2024

پاکستان ٹیم باصلاحیت، جنوبی افریقہ کو ہراسکتی ہے، انضمام

پاکستان ٹیم باصلاحیت، جنوبی افریقہ کو ہراسکتی ہے، انضمام
January 24, 2021

لاہور (92 نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے، ٹیم میں باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں۔

اُنہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، بابراعظم محدود طرز کی کرکٹ میں ثابت کرچکے کہ ان پر کپتانی کا کوئی اضافی دباؤ نہیں، بابر بڑے منجھے ہوئے اور باصلاحیت کھلاڑی ہیں جو دباؤ سے نکلنے کا ہنر جانتے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا، ٹاپ رینک ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا پاکستان آنا پوری قوم کے لیے خوش آئند ہے۔ ملک میں انٹرنیشنل ٹیسٹ کرکٹ کی مکمل واپسی پاکستان میں کرکٹ کی مزید ترقی اور فروغ کا سبب بنے گی۔

انضمام بولے کہ، پاک جنوبی افریقہ سیریز پاکستان کے لیے بہت اہم ہے، اکثر کھلاڑیوں نے ہوم گراؤنڈ پر میچز نہیں کھیلے، کوئی بھی کھلاڑی سٹار سے سپر سٹار تب ہی بنتا ہے جب وہ اپنے گراؤنڈ میں کھیلتا ہے۔ یہ سیریز اسکواڈ میں شامل نئے کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا ایک بہترین موقع ہے۔

سابق کپتان نے کہا، پاکستان کی کنڈیشنز جنوبی افریقہ کے لیے کسی صورت آسان نہیں ہوں گی۔ ٹیسٹ کرکٹ کی سب سے مشکل کنڈیشنز نیوزی لینڈ میں ہی ہوتی ہیں۔ لہٰذا قومی کھلاڑیوں کو دورہ نیوزی لینڈ سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ہوگا۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ بلاشبہ جنوبی افریقہ کی ٹیم نے اپنی ہوم کنڈیشنز پر ابھی سری لنکا کو شکست دی ہے مگر یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کی کنڈیشنز میں بہت فرق ہے۔ پاکستان کی ٹیم کو 5 بیٹسمین اور 5 باؤلر کے ساتھ میدان میں اترنا چاہیے، ان 5 باؤلر میں 2 فاسٹ باؤلر، 2 اسپنر اور ایک الراؤنڈر شامل ہونا چاہیے۔

اُن کا مزید کہنا تھا 2007ء میں جنوبی افریقہ کے خلاف نیا قومی ریکارڈ بنانے کے لیے مزید 18 رنز درکار تھے مگر صرف تین رنز کی کمی سے جاوید میانداد کا ریکارڈ توڑنے میں ناکام رہا۔ قسمت کو یہی منظور تھا کہ جاوید میانداد کا نام اس ریکارڈ لسٹ میں ان سے اوپر رہے۔ جاوید میانداد میرے ہیرو تھے، میں نے ان سے بہت کرکٹ سیکھی۔