Tuesday, April 16, 2024

پاکستان نےبھارتی وزیرخارجہ کا گمراہ کن اورغیرضروری تبصرہ مسترد کردیا

پاکستان نےبھارتی وزیرخارجہ کا گمراہ کن اورغیرضروری تبصرہ مسترد کردیا
October 18, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) بھارتی وزیرخارجہ کی آن لائن تھنک ٹینک ایونٹ میں پاکستان مخالف ہرزہ سرائی، ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی وزیر خارجہ کا گمراہ کن اور غیرضروری تبصرہ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک، بھارت تعلقات کی خرابی کا ذمہ دار پاکستان کو قرار دینا انتہائی بے بنیاد ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے بھارتی وزیر کا غیرضروری تبصرہ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک، بھارت تعلقات کی خرابی کا ذمہ دار پاکستان کو قرار دینا انتہائی بے بنیاد ہے۔ ہندوستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنے غیرقانونی، غاصبانہ اقدامات کا جائزہ نہیں لیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو معصوم کشمیریوں کیخلاف انسانی حقوق کی اپنی منظم، سنگین خلاف ورزیاں نظر نہیں آتیں۔ ہندوستان اقلیت مخالف پالیسی، پاکستان مخالف جارحانہ طرز عمل پر عمل پیرا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت کیخلاف بے بنیاد الزامات لگا رہا ہے۔ہندوستان ریاستی دہشتگردی کا موجب ہے، دہشتگردی کا شکار ہونے کا جھوٹا بہانہ نہیں کر سکتا، بھارت نہتے کشمیریوں کو جعلی مقابلوں، آپریشنز میں، ماورائے عدالت قتل کر رہا ہے اور کشمیری نوجوانوں، خواتین، بچوں کو قتل کرکے انہیں دہشت گرد قرار دیکر، دنیا کو گمراہ کرنا چاہتا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ایسی  تمام کھوکھلی حرکتیں ہندوستانی قیادت کے اخلاقی دیوالیہ پن کی عکاس ہیں۔ تجارت اور ربط کا نام نہاد داعی دنیا کو بتائے کہ علاقائی تعاون، سارک تنظیم کی راہ میں کون رکاوٹ ہے؟؟۔ ہندوستان بتائے کہ کس ملک کے باعث 2016ء سے آئندہ سارک سربراہ اجلاس زیر التواء ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ہندوستانی جعلی نفاست نہ تلخ حقائق چھپا سکتی ہے نہ ہی دنیا کو گمراہ کر سکتی ہے۔آر ایس ایس، بی جے پی حکومت 'ہندوتوا' اور 'اکھنڈ بھارت' کی خطرناک پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔مقبوضہ جموں و کشمیر میں معصوم شہری ہندتوا، اکھنڈ بھارت پالیسی کا شکار ہیں۔ہندوستان اقلیت دشمن پالیسیوں پر کاربند ہے۔ہندوستان کے تمام ہمسایہ ممالک کیساتھ مسائل موجود ہیں۔پڑوسیوں کے ساتھ معمول کے تعلقات کیلئے ہندوستان بھی معمول کی سطح پر آئے۔