Thursday, April 25, 2024

    پاکستان نےبلوچستان،فاٹا،کراچی میں بھارتی مداخلت کےثبوت امریکاکےحوالےکردیئے

      پاکستان نےبلوچستان،فاٹا،کراچی میں بھارتی مداخلت کےثبوت امریکاکےحوالےکردیئے
October 21, 2015
واشنگٹن(92نیوز)پاکستان نے بلوچستان،فاٹا اورکراچی میں بھارتی مداخلت کے ثبوت امریکی حکام کے حوالے کر دیئے۔ وزیراعظم نواز شریف نے واشنگٹن میں امریکی وزیرخارجہ جان کیری اور ایم ڈی آئی ایم ایف کرسٹینا لیگارڈسے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ تفصیلات کےمطابق وزیراعظم نوازشریف نے امریکی وزیرخارجہ جان کیری سے بلیئر ہاؤس واشنگٹن میں ملاقات کی جس میں مشیرِامورخارجہ سرتاج عزیز، وزیرخزانہ اسحاق ڈار، طارق فاطمی ، وزیردفاع خواجہ آصف اور وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان بھی شریک ہوئے ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے پربات چیت کی جبکہ پاکستان نے باقاعدہ طورپر کراچی ،فاٹا اور بلوچستان میں مداخلت  اور عدم استحکام پیدا کرنے کے لئے بھارتی کارروائیوں کے ثبوت امریکا کےحوالے کردئیے۔ اس موقع پر جان کیری نے پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابیوں اور افغانستان میں کردار کی تعریف کی اوریقین دلایا کہ وہ پاک امریکہ تعلقات میں وسعت کےلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ جان کیری نے پاکستان میں توانائی کی ضروریات کے لیے ہرقسم کا تعاون فراہم کرنے کی امریکی پالیسی کا اعادہ بھی کیا ۔ وزیراعظم نے جان کیری سے ملاقات کے بعدبلیئر ہاؤس میں ایم ڈی آئی ایم ایف کرسٹینالیگارڈ سے بھی ملاقات کی، جس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور معاون خصوصی طارق فاطمی شریک  ہوئے۔وزیراعظم نے آئی ایم ایف ایم ڈی کو اقتصادی اصلاحات اور ترقیاتی ایجنڈے سے آگاہ کیا اور کہا کہ  موثر اقتصادی پالیسیوں سے معیشت مستحکم  اور مالی خسارہ کم ہوا ہے۔ آئی ایم ایف کی ایم ڈی نے معاشی اصلاحات کے حوالے سے وزیراعظم نوازشریف کی پالیسیوں کی تعریف کی۔ وزیراعظم نوازشریف کی اپنے وفد کے ہمراہ امریکی وزیرِ خزانہ جیک لیوسے بھی ملاقات ہوئی، جس میں دوطرفہ معاشی تعلقات کومزید مضبوط بنانے پراتفاق کیا گیا۔