Friday, March 29, 2024

پاکستان نے یو اے ای اور اسرائیل کے درمیان معاہدے پر مؤقف واضح کردیا

پاکستان نے یو اے ای اور اسرائیل کے درمیان معاہدے پر مؤقف واضح کردیا
August 15, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان نے یو اے ای اور اسرائیل کے درمیان معاہدے پر مؤقف واضح کردیا، ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے فلسطینیوں کو حق ملنے تک اپنے عزم پر قائم ہیں، ترکی نے متحدہ عرب امارات سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا عندیہ دے دیا۔ یواےای اور اسرائیل کے درمیان سفارتی تعلقات پر مسلم امہ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، پاکستان مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کا حامی اور فلسطینوں کو حق ملنے تک اپنے عزم پر قائم ہے۔ ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں امن پاکستان کی اولین ترجیح ہے، معاہدے کے دورس اثرات ہوں گے۔ اسرائیل سے معاہدے پر ترکی کی جانب سے متحدہ عرب امارات پر شدید تنقید کی گئی، سفارتی تعلقات ختم کرنے کا عندیہ دے دیا، ترک صدر رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ فلسطین کے خلاف اقدام کو ہضم کرنا بہت مشکل ہے، تاریخ اور خطے کے لوگ اسرائیل کے ساتھ معاہدے پر یواے ای کا منافقانہ طرز عمل کبھی فراموش نہیں کر پائیں گے۔ یو اے ای اور اسرائیل کے درمیان امن معاہدے پر حزب اللہ کا بھی سخت ردعمل سامنا آگیا، حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ نے کہا کہ یو اے ای اور اسرائیل کے درمیان معاہدہ اسلام اور عربوں کے ساتھ دغا ہے، معاہدہ امریکی صدر کو الیکشن میں فائدہ پہنچانے کے لیے کیا گیا، ٹرمپ کئی عرب ممالک سے یو اے ای جیسا اقدام اٹھانے کی خواہش رکھتے ہیں۔ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان سفارتی تعلقات پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور ابوظہبی کےولی عہد محمد بن زاید نے مشترکہ بیان میں امید کا اظہار کیا تھا کہ اس تاریخی پیش رفت سے مشرق وسطیٰ میں قیام امن میں مدد ملے گی۔