Saturday, April 20, 2024

پاکستان نے گرفتار بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو بھارت کے حوالے کر دیا

پاکستان نے گرفتار بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو بھارت کے حوالے کر دیا
March 1, 2019
لاہور (92 نیوز) پاکستان نے گرفتار بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو بھارت کے حوالے کر دیا۔ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کیا گیا۔ قبل ازیں قائم مقام بھارتی ہائی کمیشن کی دفترخارجہ آمد ہوئی جہاں گرفتار پائلٹ کی سفری دستاویزات ان کے حوالے کیں۔ سپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت ہونے والے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت بھارتی پائلٹ کو رہا کرنے کا اعلانکیا تھا۔ وزیر اعظم نے ایک مرتبہ پھر بھارت کو امن کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ بھارت امن کیلئے ایک قدم بڑھائے ، ہم دو بڑھائیں گے۔ پاکستان کی جانب سے بھارتی پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کی رہائی کے اعلان پر سماجی روابط کی ویب سائٹس پر کیا اپنے کیا پرائے سب ہی وزیر اعظم عمران خان کی دور اندیشی اور قائدانہ صلاحیت کو سراہتے رہے۔ سابق وزیر اعلیٰ مقبوضہ کشمیر محبوبہ مفتی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے حقیقی لیڈر ہونے کا ثبوت دیا، اب مودی سرکار کی باری ہے ،وہ آگے آئے اور کشمیر کے حالات بہتر بنائے۔ بھارتی پنجاب کے وزیر اور سابق کرکٹر نوجووت سنگھ سدھو ایک بار پھر اپنے دوست عمران خان کے حق میں بول پڑے۔ سدھو کا کہنا تھا کہ عمران خان  آپ کی خیرسگالی لاکھوں لوگوں اور قوم کیلئے خوشی کا باعث بنی۔ نوجوت سنگھ سدھو نے کہا وہ پائلٹ ابھی نندن کے والدین اور اس کے پیاروں کیلئے بہت خوش ہیں۔