Friday, April 26, 2024

پاکستان نے گال ٹیسٹ میں سری لنکا کو 10وکٹوں سے شکست دیدی !!! سرفراز احمد مین آف دی میچ!!! یاسرشاہ کی 9وکٹیں

پاکستان نے گال ٹیسٹ میں سری لنکا کو 10وکٹوں سے شکست دیدی !!! سرفراز احمد مین آف دی میچ!!! یاسرشاہ کی 9وکٹیں
June 21, 2015
لاہور (92نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرے کرتے ہوئے سری لنکن ٹیم کو گال ٹیسٹ میں چاروں شانے چت کرتے ہوئے 10وکٹوں سے فتح سمیٹ لی ہے۔ دوسری اننگز میں بحران زدہ پاکستانی ٹیم کیلئے 96رنز کی اننگز کھیلنے والے وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ آخری اننگز کی قابل ذکر بات یاسرشاہ کی تباہ کن باﺅلنگ رہی۔ سری لنکن باﺅلرز ان کا سامنا کرتے ہوئے گھبراہٹ کا شکار ہو گئے اور ان کی وکٹیں خزاں رسیدہ پتوں کی طرح گرتی رہیں۔ یاسرشاہ نے میچ میں 9 کھلاڑیوں کو اپنا شکار بنایا۔ میچ کے چوتھے روز سری لنکا کی دوسری اننگز میں یاسر شاہ کا پہلا شکار تجربہ کار بیٹسمین کمار سنگاکارا بنے۔ میچ کے آخری روز انہوں نے پہلی ہی گیند پر دلروان پریرا کو اپنا شکار بنایا۔ کپتان اینجلو میتھیوز کی بھی ان کے سامنے ایک نہ چلی، پانچ رنز بنا کر اظہر علی کو کیچ دے بیٹھے۔ کپتان کے بعد انہوں نے ان فارم کرونا رتنے کو سرفراز احمد کے ہاتھوں اسٹمپڈ آو¿ٹ کرایا، کرونا اناسی رنز بنا سکے۔ ویتھاناگے اور ہیراتھ بھی ان کا شکار بنے۔ وکٹ کیپر بیٹسمین دنیش چندیمل ان کا ساتواں شکار بنے، سرفراز نے ان کی وکٹیں اڑائیں۔ لیگ سپنر نے 76رنز دے کرسات وکٹیں حاصل کیں، ان سے قبل لیگ سپنر شین وارن نے سری لنکا میں چورانوے رنز کے عوض سات کھلاڑیوں کو آو¿ٹ کیا تھا۔ آخری اننگز میں وہاب ریاض نے 2جبکہ ذوالفقار بابر نے ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان کو آخری اننگز میں 90رنز کا ہدف ملا جو اس نے بغیر کوئی وکٹ کھوئے حاصل کر لیا۔ محمدحفیظ 6چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 33گیندوں پر 46رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ ان کے پارٹنر احمدشہزاد نے 6چوکوں کی مدد سے 35گیندوں پر 43رنز بنائے۔ اس سے قبل سری لنکا نے پہلی اننگز میں 300رنز بنائے تھے جبکہ پاکستان نے اس کے جواب میں 417رنز بنائے۔ دوسری اننگز میں سری لنکن ٹیم 206رنزپر ڈھیر ہو گئی جس پر پاکستان کو 90رنز کا ٹارگٹ ملا جو اس نے آسانی سے حاصل کر لیا۔