Friday, March 29, 2024

پاکستان نے کرتارپور راہداری کھول کر بھارت کو امن کا پیغام دیا، شاہ محمود قریشی

پاکستان نے کرتارپور راہداری کھول کر بھارت کو امن کا پیغام دیا، شاہ محمود قریشی
May 22, 2019

 بشکیک ، کرغزستان (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان نے کرتارپور راہداری کھول کر بھارت کو امن کا پیغام دیا۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل اجلاس سے خطاب میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے اور ایس سی او کے چارٹر پر عملدرآمد کیلئے پرعزم ہے۔ دہشت گردی خطے کے ممالک کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ پاکستان افغانوں پر مشتمل امن عمل کی حمایت کرتا ہے۔ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے حل کے تنازعات کا حل ضروری ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی چینی ہم منصب کے عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی ہوئیں جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ پاکستان اور بھارت کا پہلا غیررسمی رابطہ ایس سی او اجلاس تھا جو بشکک میں ہوا۔ اجلاس میں پاکستان، بھارت وزرائے خارجہ کے مابین غیر رسمی گفتگو ہوئی۔

ذرائع کے مطابق دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ ایک وقت پر اجلاس میں پہنچے۔ دونوں وزرائے خارجہ ایک لفٹ میں کانفرنس ہال تک پہنچے۔ دونوں رہنما اکٹھے کانفرنس ہال میں داخل ہوئے۔ لفٹ میں دونوں رہنماؤں کے درمیان غیر رسمی بات چیت ہوئی۔

ذرائع نے بتایا پاک بھارت وزرائے خارجہ کے مابین تعلقات میں بہتری اور مذاکرات پر مختصر گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے بھارتی انتخابات کے بعد رابطے کا عندیہ بھی دیا۔

 دوسری طرف بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کی بوکھلاہٹ عروج پر ہے۔ شنگھائی تعاون تنظیم وزرائے خارجہ کونسل اجلاس میں سشما سوراج پاکستانی ہم منصب کو دیکھتے ہی اپنی جگہ چھوڑ کر دوسری طرف کھڑی ہو گئیں۔ وزرائے خارجہ آمد کی ویڈیو میں انکو جگہ تبدیل کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔