Monday, September 16, 2024

پاکستان نے چیمپئنز ٹرافی ختم کرنے پر انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کو احتجاجی خط لکھ دیا

پاکستان نے چیمپئنز ٹرافی ختم کرنے پر انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کو احتجاجی خط لکھ دیا
April 20, 2016
لاہور (92نیوز) پاکستان کا متعارف کروایا گیا ہاکی ٹورنامنٹ چیمپئنز ٹرافی ختم کرنے پر پی ایچ ایف برہم۔ احتجاجی خط لکھ کرانٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن سے جواب طلب کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن نے احتجاجی خط میں موقف اختیار کیا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی پی ایچ ایف کی جانب سے متعارف کرایا گیا ٹورنامنٹ تھا جس میں شریک ٹیموں کے درمیان بہترین مقابلے ہوتے تھے۔ ٹورنامنٹ ختم کرنے سے پاکستان کے قومی کھیل ہاکی کے فروغ پر براہ راست اثر پڑے گا۔ پی ایچ ایف نے ایف آئی ایچ کو یاددہانی کرائی ہے کہ کسی بھی ٹورنامنٹ کے ختم کرنے یا کوئی نیا ٹورنامنٹ شروع کرنے سے پہلے سب کی رائے حاصل کرنا ضروری ہے۔ چیمپئنزٹرافی کو ختم کرنے سے پہلے ایسا نہ کر کے غلط روایت ڈالی گئی ہے جس پر بھرپور احتجاج کرتے ہیں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سربراہ ائیرمارشل نو ر خان نے 1978ءمیں چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کا تحفہ دنیا کو دیا تھا۔ اب تک اس کا 33 مرتبہ انعقاد کیا جا چکا ہے جس میں گیارہ بار آسٹریلیا، 10 مرتبہ جرمنی، 8 با ر ہالینڈ، تین بار پاکستان اور ایک مرتبہ سپین فاتح رہے ہیں۔ چیمپئزٹرافی کاآخری ایڈیشن رواں سال جون میں انگلینڈ میں منعقد ہو گاجس کےلئے قومی ٹیم کوالیفائی نہ کر سکی تھی۔