Friday, March 29, 2024

پاکستان نے پہلا ون ڈے جیت کر چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کیلئے پیش قدمی شروع کر دی

پاکستان نے پہلا ون ڈے جیت کر چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کیلئے پیش قدمی شروع کر دی
July 12, 2015
لاہور (92نیوز) پاکستان نے سری لنکا کو پہلے ون ڈے میں 6وکٹوں سے شکست دے دی۔ گرین شرٹس نے دمبولا میں دو سو چھپن رنز کا ہدف چھیالیسویں اوور میں حاصل کر لیا۔ محمد حفیظ شاندار آل راو¿نڈر کارکردگی کی بدولت مرد میدان رہے۔ شعیب ملک نے نصف سنچری کی مدد سے شین واٹسن کا پانچ ہزار چھے سو چھیاسی رنز کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ تفصیلات کے مطابق ٹیسٹ سیریز جیتنے کے بعد شاہینوں نے سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کا بھی فاتحانہ آغاز کر دیا۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ محمد حفیظ کی شاندار باولنگ کی بدولت آئی لینڈرز آٹھ وکٹوں کے نقصان پر دو سو پچپن رنز بنا سکے، پروفیسر نے چار بلے بازوں کو ٹھکانے لگایا۔ راحت نے دو جبکہ انور علی اور یاسر شاہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آو¿ٹ کیا۔ پاکستان نے ہدف حفیظ کی شاندار سنچری کی بدولت چھیالیسویں اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ شعیب ملک پچپن رنز ناٹ آوٹ کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ احمد شہزاد نے انتیس، بابر اعظم نے پچیس، کپتان اظہر علی نے اکیس اور محمد رضوان نے بیس رنز بنائے۔ شاندار کارکردگی پر محمد حفیظ مین آف دی میچ رہے جبکہ اظہر علی کی بطور کپتان پاکستان سے باہر یہ پہلی فتح ہے۔ اس جیت کے ساتھ ہی پاکستان نے چیمپئنز ٹرافی میں شامل ہونے کیلئے پیش قدمی کا آغاز کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں شریک ہونے کیلئے پاکستان کو سری لنکا سے لازمی سیریز جیتنی ہو گی۔