Sunday, September 8, 2024

پاکستانی تحقیقاتی ٹیم نے پٹھانکوٹ ایئربیس کے دورہ کی اجازت مانگ لی

پاکستانی تحقیقاتی ٹیم نے پٹھانکوٹ ایئربیس کے دورہ کی اجازت مانگ لی
March 27, 2016
اسلام آباد (92نیوز) پاکستانی تحقیقاتی ٹیم نے بھارت سے پٹھان کوٹ واقعے پر اب تک ہونے والی تحقیقات شیئر کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ ٹیم نے انکوائری کے لیے جائے وقوعہ کا معائنہ کرنے کی اجازت دینے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی تحقیقاتی ٹیم نے پٹھان کوٹ جانے سے قبل اہم امور پر بھارت سے رابطہ کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی تفتیش کاروں نے 50 مطالبات کی فہرست تیار کی۔ تفتیشی ٹیم کا جے آئی ٹی کو اسکے دائرہ کار کے مطابق کام کرنے کی اجازت دی جائے۔ ٹیم کو جائے وقوعہ کے معائنے‘ تفتیش کاروں سے انٹرویو کی اجازت دی جائے اور ٹیم سے اب تک ہونے والی تحقیقات شیئر کی جائے۔ ٹیم نے دہشت گردوں کیخلاف آپریشن کے دوران وائرلیس مواصلات کا مسودہ دینے‘ حملہ آوروں کی درگاہ پنج پیر سے گاوں اکل گڑھ کے گوردوارے تک کی نقل وحرکت کی تفصیل فراہم کرنے اور ایئربیس کی گارڈ فورس کے کمانڈر اور نیشنل سکیورٹی گارڈ کے کمانڈر تک رسائی دینے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستانی تحقیقاتی ٹیم کا کہنا ہے کہ معاملے کی کریمنل پروسیجرکوڈ کے مطابق تدریس کی جائے گی۔ دہشت گردی کے دوران استعمال ہونے والے اسلحہ اور لیبارٹری رپورٹوں کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ جے آئی ٹی اپنے ہمراہ اب تک ہونے والی تفتیش اور ایف آئی آر بھی شیئر کرے گی۔