Monday, September 16, 2024

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 143 رنز سے عبرتناک شکست دیدی

پاکستان  نے ویسٹ انڈیز کو 143 رنز سے عبرتناک شکست دیدی
April 1, 2018

کراچی ( 92 نیوز )  پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین مختصر فارمیٹ کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو عبرتناک شکست سے دوچارکر کے سب سے بڑی فتح سمیٹ لی ۔پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 203 رنز بنائے ۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم 204 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 60 رنز پر ہی ہمت ہار گئی ۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ  کیا ۔پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور بابر اعظم اوپنر آئے ۔ بابر اعظم 13 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے 17 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے جب کہ ساتھی اوپنر فخر زمان نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے 24 گیندوں پر ایک چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 39 رنز بنائے ۔

ڈیبیو کرنے والے بلے باز حسین طلعت نے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے 37 گیندوں پر ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 41 رنز بنائے  اور رن آؤٹ ہو گئے ۔ کپتان سرفراز احمد نے ایک چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے 22 گیندوں پر 38 رنز بنائے ۔

نوجوان کھلاڑی آصف علی دو گیندوں پر ایک اسکور بنا کر ہمت ہار گئے ۔ شعیب ملک نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 14 گیندوں پر 2 چھکوں اور 4چوکوں کی مدد سے 37 رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے ۔نوجوان کھلاڑی فہیم اشرف نے 9 گیندوں پر ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے قیمتی 16 رنز بنائے ۔

204رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم ابتدا سے ہی مشکلات کا شکار رہی ،  ویسٹ انڈیز کی ٹیم کے 4 کھلاڑی بغیر کوئی رنز بنائے  پویلین لوٹ گئے ۔ اوپنر  چیڈوک والٹن نے 6 رنز بنائے ۔

مارلون سیمیولز 18، ریومین پاؤل 5،ریاد ایمرٹ 11، سیموئل بدری 7 رنز بنا کر ہمت ہار گئے ۔کیمو پاؤل 10رنز بنا کر ناقابل شکست رہے ۔

پاکستان کی جانب سے محمد عامر  2  اوورز میں  تین رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کر کے کامیاب ترین باؤلر رہے ۔ محمد نوازاور شعیب ملک نے بھی دو ،دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔

حسن علی ، شاداب خان اور حسن طلعت نے ایک ایک کھلاڑی کا شکار کیا۔پاکستان نے تین میچز کی سیریز میں 0-1 سے برتری حاصل کر لی ۔