Wednesday, April 24, 2024

پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ایک اننگز اور 16 رنز سے شکست دے دی

پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ایک اننگز اور 16 رنز سے شکست دے دی
November 27, 2018
دبئی ( 92 نیوز ) دبئی ٹیسٹ میں پاکستان کی گرفت مضبوط ہوتی جا رہی ہے۔ پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ایک اننگز اور 16 رنز سے شکست دے دی۔ قومی ٹیم کی جانب سے یاسر شاہ نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا اور میچ میں 14 وکٹیں حاصل کیں۔ نیوزی لینڈ نے 131 رنز دو وکٹوں کے نقصان سے چوتھے روز اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا  تو 15 رنز کے اضافے کیساتھ ٹام لیتھم 50 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ دوسرے اینڈ پر کھڑے راس ٹیلر نے مزاحمت جاری رکھی اور ہنری نکلس کے درمیان 52 رنز کی پارٹنر شپ  قائم کی اور بلیک کیپس  کو میچ میں واپسی کی امید دلائی لیکن راس ٹیلر کے آؤٹ ہونے پر کیوی ٹیم مشکلات کا شکار ہو گئی۔  راس ٹیلر 82 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بی جے واٹلنگ نے ہنری نکلس کا ساتھ دیا لیکن یاسر شاہ کی تباہ کن باؤلنگ نے کیویز کو پیر جمانے کا موقع نہ دیا اور پوری ٹیم 312 رنز بنا کرآؤٹ ہو گئی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے راس ٹیلر 82 اور ہنری نکلس 77 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ قومی ٹیم کی جانب سے یاسر شاہ نے میچ میں 14 وکٹیں حاصل کیں اور مین آف دی میچ قرار پائے۔ پاکستان نے اپنی پہلی اننگ 5 وکٹوں پر 418 رنز پر ڈیکلئیر کی تھی۔ سرفرزا الیون نے تین میچوں کی سیریز ایک ،ایک سے برابر کر دی۔