Thursday, April 25, 2024

پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی

پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی
June 26, 2019

 برمنگھم (92 نیوز) ورلڈ کپ 2019 کے رنگا رنگ ایونٹ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی۔

 نیوزی لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے 6 وکٹوں پر 237 رنز بنائے۔ پاکستان نے 238 رنز کا ہدف آخری اوور میں پورا کر لیا۔ بابراعظم اور حارث سہیل کی ذمہ دارانہ بیٹنگ رہی۔

بابر اعظم نے ناقابل شکست 101 رنز بنائے ، حارث سہیل 68 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔ محمد حفیظ 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ، فخر زمان 9 اور امام الحق 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کپتان سرفراز احمد پانچ رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

قبل ازیں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کیلئے 238 رنز کا ہدف دیا۔ ایجبسٹن کے میدان میں جمی نیشم اور گرینڈ ہوم نے 132 رنز کی شاندار پارٹنر شپ فراہم کی، دونوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ 215 کے مجموعی اسکور پر گرینڈ ہوم 64 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

نیشم نے دوسرا اینڈ سنبھالے رکھا اور ٹیم کا اسکور 237 تک پہنچایا جس میں انکے کیرئیر بیسٹ ناقابل شکست 97 رنز بھی شامل تھے۔

 ابتدائی اوورز میں پاکستانی باؤلرز نے کیوی بلے بازوں کو ایسا جکڑا کہ اس کے پانچ کھلاڑی محض 83 رنز کے اسکور پر چلتے بنے۔

محمدعامر نے اپنے  اسپیل کے پہلے اوور کی پہلی گیند پر مارٹن گپٹل کو کلین بولڈ کر دیا۔ شاہین شاہ آفریدی نے دس اوورز میں سے تین میڈن کیے اور صرف 28 رنز دیکر کولن منرو، روزٹیلر اور ٹام لاتھم کو پویلین کی راہ دکھائی۔

83کے مجموعی اسکورپر کپتان کین ولیم سن شاداب خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 41 رنز بنائے۔