Thursday, April 25, 2024

پاکستان نے نائیجیریا کو 10 سپر مشاق طیارے فراہم کر دیئے

پاکستان نے نائیجیریا کو 10 سپر مشاق طیارے فراہم کر دیئے
January 18, 2018

اسلام آباد ( 92 نیوز ) پاکستان کی ایوی ایشن صنعت نے نیا سنگ میل عبور کر لیا ۔ معاہدے کے تحت نائیجیریا کو تمام 10سپرمشاق طیارے فراہم کردیے گئے۔ پاک فضائیہ ،نائیجیرین ایئر فورس کو تربیت ،طیاروں کے فاضل پرزہ جات اور آلات بھی فراہم کرے گی ۔

پاکستان کی طیارہ سازی کی صنعت تیزی سے ترقی کی منازل طے کررہی ہے ۔ جدید لڑاکاجہاز ہوں یا تربیتی طیارے ، پاکستان ایئر و ناٹیکل کمپلکس کامرہ نے دنیا میں اپنا لوہا منوا لیا ہے ۔ پاکستان نے معاہدے کے تحت نائیجیریا کو درکار تمام 10سپرمشاق طیارے فراہم کردیئے ۔

پاکستان اور نائیجریا میں 21اکتوبر 2016ء کو معاہدہ طے پایا تھا۔ پاکستان نے نائیجیریا کو سال 2017ء میں ابتدائی 5 طیارے فراہم کیے اور بعد ازاں نائیجیرین فضائیہ میں شامل ہوئے ۔

پاکستان نے14جنوری کومزید 5سپر مشاق طیارے نائیجریا کے سپرد کردیئے ۔ نائیجیرین فضائیہ کے چیف آف لاجسٹکس ایئر وائس مارشل بیلو گاربانے طیارے وصول کیے۔ نائیجیریا کو طیاروں کے فاضل پرزہ جات، آلات اور دیگر سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔

سپرمشاق طیارے نائیجیرین فضائیہ کے 401 فلائنگ سکول کڈونا کاحصہ بن گئے ۔

یہی نہیں ،پاک فضائیہ نے نائیجیرین ایئر فورس کے4انسٹرکٹرز ،16پائلٹس کو تربیت  فراہم کی ہے ۔

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ نائیجیریا کو طیاروں کی فراہمی سے دفاعی روابط مضبوط اور براعظم افریقہ میں نئے خریدار بھی میسر آئیں گے ۔