Wednesday, April 24, 2024

پاکستان نے ملا فضل اللہ کو مارنے کا مطالبہ کیا، افغانستان سے ”را“ کی پاکستان میں مداخلت کے ثبوت بھی افغان حکام کے حوالے کئے: افغان میڈیا کا دعویٰ

پاکستان نے ملا فضل اللہ کو مارنے کا مطالبہ کیا، افغانستان سے ”را“ کی پاکستان میں مداخلت کے ثبوت بھی افغان حکام کے حوالے کئے: افغان میڈیا کا دعویٰ
May 16, 2015
لاہور (92نیوز) افغان میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان نے افغانستان سے ملا فضل اللہ کو انجام تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے، پاکستان نے کالعدم تحریک طالبان کے بھارتی ایجنسی ”را“ سے رابطوں کے ثبوت افغان حکام کے حوالے کرتے ہوئے یہ بات دہرائی کہ افغانستان نے کوئی کارروائی نہ کی تو پاکستان خود یہ کارروائی کرے گا۔ افغان میڈیا کے مطابق پاکستانی حکام نے افغان عہدیداروں سے ملاقات میں مطالبہ کیا کہ پاکستان میں دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث ملافضل اللہ کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ پاکستانی حکام نے ملا فضل اللہ کی دہشت گرد کارروائیوں اور ”را“ سے رابطوں کے ثبوت افغان حکام کو دیئے اور کہا کہ بھارت ملا فضل اللہ کی مدد سے پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کیلئے کارروائیاں کر رہا ہے، پاکستان نے بلوچستان میں بھارتی مداخلت کے شواہد بھی افغانستان کو دیئے۔ پاکستانی حکام نے افغان عہدیداروں کو بتایا کہ بھارت افغانستان میں قونصل خانوں کی آڑ میں کالعدم تنظیموں بلوچستان لبریشن آرمی، بلوچستان لبریشن فرنٹ اور بلوچ ری پبلکن آرمی کو مالی مدد فراہم کر رہا ہے۔ بھارتی ایجنسی ”را“ کابل، قندھار اور نمروز میں بلوچ علیحدگی پسندوں کو عسکری تربیت دے رہی ہے۔ افغان حکام نے اس رپورٹ پر فوری طور پرکوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔