Friday, May 10, 2024

پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں دہشت گردی کا بھارتی الزام مسترد کر دیا

پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں دہشت گردی کا بھارتی الزام مسترد کر دیا
February 15, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں دہشت گردی کا بھارتی الزام یکسر مسترد کردیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں ہمیشہ تشدد کی مذمت کی ۔ نعیم الحق کہتے ہیں واقعہ پاکستان سے جوڑنے کا دعویٰ مسترد کرتے ہیں۔ سینیٹر رحمان ملک بولے جب تک بھارت میں الیکشن نہیں ہو جاتا  مودی اپنی چالیں چلے گا، آنے والے دنوں میں ہمیں الرٹ رہنا ہو گا۔ پلوامہ دھماکے نے بھارت کو حواس باختہ کر دیا۔ سیاسی رہنماؤں سے لے کر میڈیا ہر جگہ پاکستان کے خلاف حسب روایت زہر اگلنے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بھی اپنے اداروں کی ناکامی چھپانے لگے ۔ جھانسی میں خطاب کے دوران بڑھک لگاتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو  فوجیوں پر حملے کی بہت بڑی قیمت چکانی پڑے گی۔ صرف یہی نہیں بھارت نے پاکستان کو معاشی طور پر بھی نشانہ بنانے کی کوششیں شروع کر دیں۔ بھارتی وزیر خزانہ ارن جیٹلے نے اوچھے ہتھکنڈے اپناتے ہوئے پاکستان کو موسٹ فیورڈ نیشن کی فہرست سے نکال دیا۔ دوسری جانب نوجووت سنگھ سدھو کا بیان بھی سامنے آیا ہے جس میں انھوں نے حملے کو قابل مذمت اور بزدلانہ اقدام قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کا نہ کوئی مذہب ہوتا ہے اور نہ کوئی مذہب یا وطن۔ اس کے ساتھ ہی انھوں نے مسائل حل کرنے کیلئے مذاکرات کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ سدھو کا بیان سامنے آتے ہی بھارتی میڈیا نے ان پر چڑھائی کر دی۔ زہر اگلتے مطالبہ کیا کہ انھوں نے پاکستان پر الزام کیوں نہیں لگایا۔ ادھر بھارتی وزارت خارجہ نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر سہیل مسعود کو بھی طلب کیا۔