Wednesday, April 24, 2024

پاکستان نے مسئلہ کشمیر پر بھارت سے بات کرنے کی پوری کوشش کی، وزیراعظم

پاکستان نے مسئلہ کشمیر پر بھارت سے بات کرنے کی پوری کوشش کی، وزیراعظم
December 9, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے پاکستان نے مسئلہ کشمیر پر بھارت سے بات کرنے کی پوری کوشش کی۔

وزیراعظم عمران خان نے ایک پرامن اور خوشحال جنوبی ایشیا کے موضوع پر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا مسئلہ کشمیر صرف مذاکرات سے حل ہو سکتا ہے۔ بندوق کے زور پر مسئلہ کشمیر حل نہیں کیا جا سکتا ہے۔ بھارت کشمیریوں کو مظالم سے دبا نہیں سکتا۔ کبھی بھارت میں ایسی حکومت آئے گی جو مذاکرات سے مسئلہ کشمیر حل کرے گی۔ بدقسمتی سے ہمارا مقابلہ آر ایس ایس کی آئیڈیالوجی سے ہے جس کے ہوتے ہوئے بھارت کو کسی دشمن کی ضرورت نہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا بدقسمتی ہے جنگ اور ہتھیاروں سے مسائل حل کرنےکی کوشش کی جاتی ہے۔ تاریخ سے ناواقف جنگ سے مسائل حل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں صدیوں سے مظالم کئے جا رہےہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں مظالم کے باعث ہندوستان کیلئے مسائل پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا افغانستان کو انسانی بحران سے بچانا ہے۔ عالمی برادری نے افغانستان کے اثاثے منجمد کر رکھے ہیں۔ عالمی برادری کو افغان عوام کے بارے میں سوچنا چاہئے۔ پاکستان افغان عوام کیلئے بھرپور کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا سی پیک کے فوائد سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ پاکستان بیرونی جنگ کا حصہ نہیں بننا چاہتا۔ عالمی سطح پر کسی گروپنگ کا حصہ نہیں بنیں گے۔ امریکا اور چین کے درمیان فاصلے کم کرنا چاہتے ہیں۔