Tuesday, April 23, 2024

پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو 3 وکٹوں سے ہرا دیا

پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو 3 وکٹوں سے ہرا دیا
September 22, 2018
دبئی (92 نیوز) ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان کا شاندار آغاز ہوا۔ دلچسپ مقابلے کے بعد قومی ٹیم نے افغانستان کو تین وکٹوں سے شکست دے دی۔ شعیب ملک نے افغانستان کی کامیابیوں کا سلسلہ روک دیا۔ ایونٹ میں افغانستان کو پہلی ہار کا سامنا کرنا پڑا 258رنز کے تعاقب میں پاکستان ٹیم کا آغاز اچھا نہ تھا اور پہلے ہی اوور میں فخر زمان بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ امام الحق اور بابر اعظم کی ذمہ دارانہ بیٹنگ نے گرین شرٹس کی میچ میں پوزیشن مستحکم بنا دی۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان 154 رنز کی شراکت داری ہوئی۔ لیفٹ ہینڈر امام الحق 80 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ بابر اعظم نے 66 رنز اسکور کیے۔ دونوں کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے پر بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار ہو گئی لیکن  شعیب ملک ڈٹے رہے اور 51 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو تین وکٹوں سے کامیابی دلائی۔ افغانستان کی جانب سے راشد خان نے تین اور مجیب الرحمن نےدو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس سے پہلے افغانستان نے 6 وکٹوں پر 257 رنز بنائے۔ افغانستان کی طرف سے حشمت اللہ 97 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔