Friday, May 3, 2024

پاکستان نے سرجیکل سٹرائیک کیا تو بھارت اپنی نسلوں کو نصاب میں پڑھائے گا : آرمی چیف

پاکستان نے سرجیکل سٹرائیک کیا تو بھارت اپنی نسلوں کو نصاب میں پڑھائے گا : آرمی چیف
November 24, 2016

خیبرایجنسی (92نیوز) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ بھارت کا سرجیکل سٹرائیک کا دعوی صرف ایک ڈرامہ تھا۔ جب پاکستان نے کیا تو بھارت اپنی آنے والی نسل کو نصاب میں پڑھائے گا۔ فوج کا مورال بلند ہے‘ ریٹائرمنٹ کے بعد شہداءکے لیے ٹرسٹ بنائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف پہنچے خیبرایجنسی کے علاقے باڑہ میں جہاں انہوں نے شاہد آفریدی سپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کیا اور کہا کہ شاہد آفریدی قوم کا فخر ہے۔ اس موقع پر شاہد آفریدی، کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمن اور آئی جی ایف سی میجر جنرل شاہین مظہر محمود ان کے ہمراہ تھے۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف افتتاحی تقریب کے بعد شرکاءکے ساتھ گھل مل گئے۔ قبائلی عمائدین نے آرمی چیف کے ساتھ سیلفیاں بھی بنائیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بھارت پر واضح کر دیا کہ بھارت کو سرجیکل سٹرائیک کا پتہ ہی نہیں اگر ہم نے کیا تو بھارت اپنی آنے والی نسلوں کو نصاب میں پڑھائے گا۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں میں دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ دیا ہے۔ فاٹا نوگو ایریا ہوا کرتا تھا اب یہاں ترقیاتی کام زور وشور سے جاری ہیں۔ آرمی چیف نے کہا کہ فوج کا مورال بلند ہے۔ قبائلی عمائدین کے ساتھ مل کر ہمیشہ خوشی ہوئی۔ ریٹائرمنٹ کے بعد شہدا کے لیے ٹرسٹ بنائیں گے۔