Friday, May 17, 2024

پاکستان نے زمبابوے کو چھ وکٹوں سے شکست دیکر ون ڈے سیریز 0-2 سے جیت لی

پاکستان نے  زمبابوے کو چھ وکٹوں سے شکست دیکر ون ڈے سیریز 0-2 سے جیت لی
November 1, 2020

راولپنڈی(92 نیوز) پاکستان نے زمبابوے کو دوسرے ون ڈے میں  چھ وکٹوں سے شکست دے کر  سیریز جیت لی ،قومی ٹیم نے 207 رنز کا ہدف   چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ۔ کپتان بابر اعظم  کی 77 رنز کی شاندار اننگز ،،افتخار احمد میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، دونوں ٹیموں میں تیسرا ون ڈے  تین نومبر کو  کھیلا جائے گا ۔

ا فتخار احمد کی شاندار باؤلنگ اور  بابر  اعظم کی قائدانہ اننگز   کی بدولت  پاکستان نے زمبابوے کو مسلسل دوسرے  ون ڈے  میچ میں  چھ وکٹوں سے شکست دے  کر سیریز   اپنے نام کر لی ۔

207 رنز کے   ہدف کے تعاقب میں  پاکستانی  اوپنرز  نے 68 رنز جوڑے ،عابد علی  22 رنز بنا کر  آؤٹ  ہو گئے ۔

100کے مجموعی اسکور پر  امام الحق  49 رنز بنا کر پویلین لو ٹ گئے  ۔ دوسرے سرے پر موجود  بابر اعظم  نے  کپتانی اننگز کھیلتے ہوئے سات چوکوں  اور دو چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ  77 رنز بنا ئے اور   ٹیم کو فتح سے ہمکنار کر دیا ۔

ڈیبیو کرنے والے حیدر علی   29 رنز بنا سکے ،رضوان ایک  اور افتخار16 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ  رہے  ۔

اس سے قبل  افتخار احمد کی تباہ  کن باؤلنگ کی بدولت  زمبابوے کی ٹیم   206 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی ،افتخار نے پانچ کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔

زمبابوے کی  طرف سے   شان ولیمز  75 رنز  بنا کر نمایاں بلے باز رہے ،برینڈن ٹیلر  36 ،چاری  25 رنز بنا  سکے ۔

ڈیبیو میچ کھیلنے والے محمد  موسیٰ  نے دو  کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ  حارث  ،عماد اور  فہیم اشرف  نے ایک ایک بلے باز کا شکار کیا۔

دونوں ٹیموں میں تیسرا ون ڈے تین نومبر کو کھیلا جائے گا،پاکستان کو سیریز میں دوصفرکی فیصلہ کن برتری حاصل ہوگئی ہے