Friday, May 17, 2024

پاکستان نے زمبابوے کو 24 رنز سے شکست دیکر ٹی 20 سیریز اپنے نام کر لی

پاکستان نے زمبابوے کو 24 رنز سے شکست دیکر ٹی 20 سیریز اپنے نام کر لی
April 25, 2021

ہرارے ( 92 نیوز) قومی ٹیم نے زمبابوے کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز دو ایک سے جیت لی،آخری میچ میں زمبابوے کو 24رنز سے شکست دی،حسن علی کی چار وکٹیں،محمد رضوان نے 91اور بابر اعظم نے 52رنز بنائے۔حسن علی میچ اورمحمد رضوان سیریز کے بہترین کھلاڑی قرارپائے۔

مقابلہ تودل ناتواں نے خوب کیا، زمبابو ے کے نوجوان بلے بازوں کی محنت بھی میچ بچانے میں کام نہ آئی،،پاکستان نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں زمبابوے کو 24رنز سے شکست دیدی، 165رنز کے جواب میں میزبان ٹیم 141رنز بناپائی ۔

ویسلے مدھاویر اور مارومانی کی عمدہ بلے بازی کی بدولت ایک بارمیچ پاکستان کے ہاتھ سے نکلتا نظرآیا، مدھاویر نے 59 اور مارومانی نے 35رنز بنائے۔مدھاویر حسن علی اورمارومانی محمد حسنین کا نشانہ بنے تو میچ کا پانسہ پاکستان کے حق میں پلٹ گیا ۔

حارث رؤف نے آخری اوور میں زمبابوے کے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا،زمبابوے بیس اوورزمیں سات وکٹیں گنواکر 141رنز بناپائی ۔ حسن علی نے 18رنز کے عوض چارکھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے ایک بارپھر اپنی دھاک بٹھادی ، پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 3وکٹوں پر 165رنز اسکور کیے، محمد رضوان نے ساٹھ گیندوں پر ناقابل شکست91رنز بنائے ،جس میں پانچ چوکے اورتین چھکے شامل تھے ۔ شرجیل خان 18رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔

کپتان بابر اعظم نے پانچ چوکوں کی مدد سے 52رنز کی شاندار اننگز کھیلی ۔ حسن علی میچ جبکہ محمد رضوان سیریز کے بہترین کھلاڑی قرارپائے، پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی سیریز دوایک سے اپنے نام کی۔