Tuesday, April 23, 2024

پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بھاری قیمت ادا کی ، شاہ محمود قریشی

پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بھاری قیمت ادا کی ، شاہ محمود قریشی
September 25, 2018
واشنگٹن (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بھاری قیمت ادا کی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایوان نمائندگان کی امور خارجہ اور آرمڈ فورسز کمیٹی کے رکن  جو ولسن سے  ملاقات کی ۔ وزیر خارجہ نے ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان کے ہمسایوں سے پر امن تعلقات کے وژن سے آگاہ کیا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ امریکا سے وسیع البنیاد اور باہمی اعتماد و احترام پر مبنی تعلقات چاہتے ہیں۔ انہوں نے ماضی میں انسداد دہشت گردی کے لئے پاکستان کی کوششوں میں بھرپور تعاون کرنے پر امریکی کانگریس کا شکریہ ادا کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے بھاری قیمت ادا کر کے دہشتگردی کیخلاف جنگ کامیاب بنائی ۔ اس موقع پر جو ولسن نے باہمی مقاصد کے حصول کیلئے تعاون بڑھنے پر زور دیا۔ شاہ محمود قریشی نے اقتصادی تعاون تنظیم کی کونسل برائے وزرائے خارجہ کے غیر رسمی اجلاس میں بھی شرکت کی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ای سی او  کے رکن ممالک سے برادرانہ تعلقات ہیں جنہیں خطے میں جاری منصوبوں کے ذریعے مزید مضبوط بنایا جاسکتا ہے ۔ سی پیک خطے کے ممالک کے درمیان رابطے کا بہترین منصوبہ ہے۔ شاہ محمود قریشی نے ٹرانزٹ ٹریڈ فریم ورک معاہدہ مزید مضبوط کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریلوے نظام اور بنیادی ڈھانچہ بہتر بنارہا ہے۔ وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان نے  افغانستان کی تعمیر نو کیلئے  ای سی  او فنڈ میں پچاس لاکھ ڈالر  میں سے بیس لاکھ ڈالر ادا کر دیئے ہیں۔ اس سے قبل آذربائیجان کےخلاف آرمینیا کی جارحیت پر اوآئی سی کے رابطہ گروپ کا اجلاس ہوا۔ وزیرخارجہ شاہ محمود نے نگورمو کارا باخ پر آذربائیجان کے اصولی پوزیشن کی حمایت کا اعادہ کیا۔