Wednesday, April 24, 2024

پاکستان نے دہشتگردی کی مالی معاونت کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات اٹھائے ، وزیر خارجہ

پاکستان نے دہشتگردی کی مالی معاونت کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات اٹھائے ، وزیر خارجہ
July 10, 2019
 لندن (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان نے منی لانڈرنگ اور دہشتگردی کی مالی معاونت کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات اٹھائے،عالمی برادری سے بھی تعاون کے خواہاں ہیں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے برطانیہ میں دولت مشترکہ وزرائے خارجہ اجلاس سے خطاب میں کہا پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے مثال کامیابیاں حاصل کیں۔ انسداد دہشتگردی، انسداد انتہا پسندی کیلئے 20 نکاتی قومی حکمت عملی بنائی، فاٹا یا قبائلی علاقہ جات کو خیبر پختون خواہ میں ضم کیا۔ شاہ محمود قریشی بولے پہلی مرتبہ سابقہ قبائلی علاقوں کو صوبائی اسمبلی میں نمائندگی دی گئی۔ صوبائی اسمبلی کی 16 اضافی نشستوں کے انتخابات 20 جولائی 2019ء کو ہوں گے۔ انہوں نے کہا قبائلی اضلاع کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے 152 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا۔ دہشتگرد و انتہا پسند سوچ کو پروان چڑھنے سے روکنے کیلئے اقدامات کیے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا پرنٹ، الیکڑانک اور سوشل میڈیا پر نفرت پھیلانے پر نگرانی کا نظام وضع کیا گیا۔ منی لانڈرنگ اور دہشتگردی کی مالی معاونت کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات اٹھائے۔ پاکستانی عوام نے انسداد کرپشن کا مینڈیٹ دیا۔ عالمی برادری سے بھی تعاون کے خواہاں ہیں۔