Friday, May 3, 2024

پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف لازوال قربانیاں دیں: آصف علی زرداری

پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف لازوال قربانیاں دیں: آصف علی زرداری
May 17, 2016
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) سابق صدر آصف علی زداری نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف لازوال قربانیاں دی ہیں مگر پندرہ برس سے پاک امریکہ تعلقات اتار چڑھائو کا شکار ہیں۔ اراکین کانگریس پاکستان جا کر دیکھ لیں ہم دہشت گردی کیخلاف کس طرح جنگ لڑ رہے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں پیپلزپارٹی کے شریک چئیرمین اور سابق  صدر نے کہا کہ  پاک امریکہ تعلقات پندرہ سال بعد بھی معمول پر نہیں آسکے حالیہ دنوں میں پاکستان کو ایف سولہ طیاروں کی فراہمی کے حوالے سے فنڈنگ کا تنازعہ دوریوں کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں بطور مضبوط جمہوری ملک ابھر رہا ہے جو ترقی کی راہ پر گامزن ہے جبکہ سرمایہ کاری بھی آ رہی ہے۔ آصف زرداری نے کہا کہ پاکستانی شہری اپنے ملک میں دہشت گردی کیخلاف برسرپیکار ہیں اور دہشت گرد آج بھی پاکستان میں کارروائیاں کر رہے ہیں۔ اے پی ایس حملہ، چارسدہ یونیورسٹی اور  گلشن اقبال پارک میں دہشت گردی سب کے سامنے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ پاکستانیوں کی بقا کی جنگ ہے۔ امریکی کانگریس پاکستان میں آکر دیکھ لے ہم دہشت گردوں سے لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے  کہا کہ  نائن الیون کے بعد افغانستان میں دہشت گردوں کو پوری قوت سے کچل دیا گیا مگر افغان جنگ کے بعد آج بھی  طالبان مضبوط ہیں۔ سابق صدر کا کہنا تھا  کہ جمہوریت کی بنیاد پر ہی دہشت گردوں کیخلاف کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔ اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے حکام رواں ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے۔ امید ہے کہ دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری آئے گی۔