Tuesday, April 16, 2024

پاکستان نے دوسرے ٹی 20 میں ویسٹ انڈیز کو 7 رنز سے ہرا دیا

پاکستان نے دوسرے ٹی 20 میں ویسٹ انڈیز کو 7 رنز سے ہرا دیا
August 1, 2021 ویب ڈیسک

گیانا (92 نیوز) پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں 7 رنز سے ہرا دیا۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم 158 رنز کے جواب میں 150 رنز بنا سکی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا ٹی ٹوئنٹی آج کھیلا جائے گا۔

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں سات رنز سے شکست دے دی، 158 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میزبان ٹیم 150 رنز بناسکی۔ پاکستان نے سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔

میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پاکستانی ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، قومی اوپنرز نے 46 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا، شرجیل خان 20 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

محمد رضوان اور کپتان بابر اعظم کے درمیان 67 رنز کی پارٹنر شپ بنی۔ محمد رضوان 46 رنز بنا سکے، محمد رضوان ٹی ٹوئنٹی کے کلینڈر ایئر میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بن گئے۔

بابر اعظم 51رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، فخر زمان 15، حفیظ 6، صہیب اور شاداب 5،5 رنز بنا سکے، حسن علی صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر نے چار،براوو نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کا آغاز اچھا نہ تھا اور پہلے اوور کی دوسری گیند پر آندرے فلیچر محمد حفیظ کی گیند پر بولڈ پو گئے۔

کرس گیل اور ہیٹمائر بھی لمبی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے،،نکولس پوران نے کچھ مزاحمت دکھائی اور 33 گیندوں پر 62 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، محمد وسیم، محمد حفیظ اور حسن علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

محمد حفیظ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا ٹی ٹوئنٹی آج کھیلا جائے گا۔