Wednesday, April 24, 2024

پاکستان نے دس سال بعد ہونیوالی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز دو صفر سے اپنے نام کر لی

پاکستان نے دس سال بعد ہونیوالی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز دو صفر سے اپنے نام کر لی
October 2, 2019
 کراچی (92 نیوز) پاکستان نے ہوم گراؤنڈ پر دس سال بعد ہونیوالی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز دو صفر سے اپنے نام کر لی۔ تیسرے اور آخری ون ڈے میں سری لنکا کو سخت مقابلے کے بعد سے شکست دیدی۔ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستانی شاہین  لنکن ٹائیگرز کو زیر کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ تیسرے اور آخری ون ڈے میں5 وکٹ سے کامیابی سمیٹ کر سیریز بھی دو صفر سے لے اڑے۔ 298رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز عابد علی اور فخر زمان  نے 123 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کرکے قومی ٹیم کی جیت  کی بنیاد رکھی۔ عابد علی 74 اور فخر زمان 76 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بابر اعظم  31 رنز  اور سرفراز احمد 23 رنز  بنا کر چلتے رہے۔ پانچویں وکٹ پر حارث سہیل اور افتخار احمد نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی ٹیم کی ہچکولے کھاتی کشتی کو پار لگایا۔ حارث سہیل 56 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ افتخار احمد نے ناقابل شکست 28 رنز بنائے۔ انہوں نے 49 ویں اوور کی دوسری بال پر وننگ شاٹ لگا کر سری لنکا کی آنکھوں سے جیت کی امید چھین لی۔ سری لنکا کے نوان پرادیپ نے دو، ہارسنگا، لہروکما راناور شیہان جے سوریا نے  ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے   مہمان ٹیم نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 297 رنز بنائے تھے جس میں دانوشکا گونا تھلکا کی شاندار 133 رنز  کی اننگز شامل تھی۔ پاکستان کے محمد عامر نے تین، شاداب خان، محمد نواز، وہاب ریاض اور عثمان شنوار ی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ عابد علی مین آف دی میچ قرار پائے۔ دونوں ٹیموں کے مابین ٹی ٹونٹی سیریز کا پہلا میچ پانچ اکتوبر کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔