Friday, April 19, 2024

پاکستان نے داسو دہشتگردی میں ملوث نہ ہونے کے بھارتی دعوے مسترد کردیئے

پاکستان نے داسو دہشتگردی میں ملوث نہ ہونے کے بھارتی دعوے مسترد کردیئے
August 14, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان نے داسو دہشتگردی میں ملوث نہ ہونے کے بھارتی دعوے کو مسترد کردیا۔ ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں دہشتگردی میں بھارت کے ملوث ہونے کے شواہد بار بار دیئے۔

ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ چودھری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان متعدد مرتبہ یہ ناقابل تردید شواہد سامنے لاچکا ہے کہ بھارت پاکستان میں نہ صرف دہشت گردی کرانے بلکہ اس کی منصوبہ بندی، معاونت ومدد، سرپرستی اور سرمایہ کی فراہمی میں بھی ملوث ہے۔ حال ہی میں لاہور حملے میں بھارت کے ملوث ہونے سے متعلق ثبوت بھی ہم نے پیش کئے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف بھارتی ریاستی دہشت گردی کا ناقابل تردید اور معلوم چہرہ کمانڈر کلبھوشن یادیو ہے جو مارچ 2016 میں رنگے ہاتھوں پکڑا گیا تھا۔ پوری طرح بے نقاب بھارت کا وطیرہ ہے کہ وہ ہمیشہ لفاظی، ابہام اور ایک نئے جھوٹ کے پیچھے چھپنے کی کوشش کرتا ہے لیکن بھارتی تردید اور جھوٹے بیانیوں کا واویلا کرنے سے حقائق تبدیل نہیں ہوں گے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ہم ایک بار پھر بھارت پر زور دیتے ہیں کہ ریاستی دہشت گردی کو پالیسی ہتھیار کے طورپر استعمال کرنا بند کرے۔ پاکستان خطے کے امن وسلامتی کو خطرے سے دوچار کرنے والی بھارتی فتنہ انگیزیوں کو بے نقاب اور ان کی مخالفت کرتا رہے گا۔