Sunday, May 12, 2024

پاکستان نے خطے سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اقدامات کئے ، شاہ محمود قریشی

پاکستان نے خطے سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اقدامات کئے ، شاہ محمود قریشی
March 31, 2021

دوشنبہ (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان نے خطے سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اقدامات کئے۔

شاہ محمود قریشی نے تاجک ہم منصب کے ساتھ ملاقات کے بعد پریس بریفنگ میں بتایا گذشتہ 30 سال سے ہمارے تاجکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات وقت کے ساتھ ساتھ مستحکم ہوئے ہیں۔ ہم تاجکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات میں اضافہ کے اس رحجان کا تسلسل چاہتے ہیں۔ ہم تاجک صدر اور وزیر خارجہ کی جلد پاکستان آمد کے متمنی ۔ میں وزیر خارجہ تاجکستان کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے تاجک قیادت کے ساتھ ملاقاتوں کا مجھے موقع فراہم کیا۔

وزیر خارجہ نے ہارٹ آف ایشیا استنبول پراسس کانفرنس کے موقع پر افغان صدر اشرف غنی، افغان وزیر خارجہ محمد حنیف آتمر، ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اوغلو، آزربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف ،ایرانی وزیر خارجہ ڈاکٹر جواد ظریف، قازقستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ مختار تیلو بردی کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون بڑھانے اور خطے میں امن و استحکام کیلئے مشترکہ کوششیں بروئے کار لانے کے حوالے سے تبادلہء خیال ہوا ۔

وزیر خارجہ نے وزارت خارجہ تاجکستان کا دورہ کیا اور اپنے تاجک ہم منصب سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد دونوں وزرائے خارجہ نے مشترکہ کانفرنس سے خطاب کیا۔ وزیر خارجہ نے وزارت دفاع میں تاجکستان کے وزیر دفاع کرنل جنرل شیر علی مرزا سے ملاقات کی اور دفاعی تعاون کے فروغ کے حوالے سے تبادلہء خیال کیا۔

وزیر خارجہ نے اپنے دورہء تاجکستان کے دوسرے مرحلے میں تاجک قیادت سے ملاقاتیں کیں۔ وزیر خارجہ نے دشنبے صدارتی محل میں تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں پاکستان اور تاجکستان کے مابین دو طرفہ تعلقات اور کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ ء خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے دو طرفہ پارلیمانی روابط کے فروغ کے حوالے سے تاجکستان کی مجلس نمائندگان کے چیئرمین سے بھی ملاقات کی۔ وزیر خارجہ نے تاجک سلطنت کے بانی اسماعیل سامانی کی یادگار کا دورہ کیا اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اپنے دورہ ء تاجکستان کے آخری مرحلے میں وزیر خارجہ دشنبے میں واقع پاکستانی سفارت خانے تشریف لے گئے۔ وزیر خارجہ نے پاکستانی سفارتخانے میں تعینات افسران اور عملے سے ملاقات کی اور بہترین کارکردگی پر انہیں شاباش دی۔