Friday, May 10, 2024

پاکستان نے بھارتی وزارت خارجہ کا بیان مسترد کر دیا

پاکستان نے بھارتی وزارت خارجہ کا بیان  مسترد کر دیا
October 6, 2019
اسلام آباد(92 نیوز) پاکستان نے بھارتی وزارت خارجہ کا وزیراعظم عمران خان کے کشمیر بارے بیانات پر ردعمل کو مسترد کر دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی بیانات مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کے عکاس ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے بھارتی جبر سے متاثر کشمیریوں کے لیے آواز اٹھانا ہماری عالمی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔ بھارت سچ کا سامنا نہ کرنے کیلئے اشتعال انگیزی کا سہارا لیتا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے بھارت بالادستی پر مبنی طرز عمل کے برعکس، خود کو عام ریاست ثابت کرنا چاہتا ہے۔ بھارت دنیا کو بتائے کہ کیوں عام ریاست میں 80 لاکھ افراد محصور ہیں۔ کیوں 2 ماہ سے زائد عرصے سے مقبوضہ کشمیر کے لاکھوں افراد کھلے پنجرے میں بند ہیں۔ لاکھوں کو محصور کر کے 'ہر چیز ٹھیک ہے' کا تاثر اور دعویٰ کس کو دکھانے کیلئے ہے؟۔۔ انہوں نے مزید کہا کون سی نارمل ریاست میں سیاسی اور انتہا پسند جتھوں کو گائے ذبحیہ کے نام پر تشدد کر کے قتل کرنے کی کھلی اجازت ہے؟ کس نارمل ریاست میں 'گھر واپسی' اور 'لو جہاد' کو ہوا دی جاتی ہے۔ بھارت سفارتکاری اور معمول کے حالات بارے اپنے بھاشن اپنے پاس رکھے۔