Friday, May 17, 2024

پاکستان نے بھارتی ریاست تری پورہ میں مسلمانوں پر ہندو مظالم کی مذمت کی ہے

پاکستان نے بھارتی ریاست تری پورہ میں مسلمانوں پر ہندو مظالم کی مذمت کی ہے
October 29, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان نے بھارتی ریاست تری پورہ میں مسلمانوں پر ہندو مظالم کی شدید مذمت کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کا کہنا ہے کہ تری پورہ میں مسلمانوں اور ان کی املاک پر یہ افسوسناک اور بہیمانہ حملے گزشتہ ایک ہفتے سے جاری ہیں۔ ریاستی مشینری مسلمانوں اور ان کی املاک کے تحفظ میں ناکام رہی ہے۔

دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ ہندوستان میں ہندوتوا کے زیر اثر بھارتیہ جنتا پارٹی، راشٹریہ سوک سنگھ کے اقدامات انتہائی قابل مذمت ہیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی، راشٹریہ سوک سنگھ کی سرپرستی میں 2002ء گجرات سے 2020ء دہلی تک مسلم قتل عام ہوا۔ بھارتیہ جنتا پارٹی، راشٹریہ سوک سنگھ کے ظلم و بربریت کے دستاویزی شواہد موجود ہیں۔ پاکستان نے بھارتی ریاست آسام میں دہائیوں سے آباد مسلمانوں کو جبرا بے دخل کرنے کی بھی شدید مذمت کی۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ تشویشناک بات یہ ہے کہ مسلم آبادی کو نشانہ بنانے پر کوئی قانونی گرفت نہیں۔ پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی برادری بھارت میں بڑھتے اسلاموفوبیا، اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں پر حملے روکنے میں کردار ادا کرے اور اقلیتوں کی املاک، عبادت گاہوں اور تہذیبی مقامات کا تحفظ یقینی بنائے۔