Friday, March 29, 2024

پاکستان نے بھارت میں بڑھتے اسلاموفوبیا واقعات پر او آئی سی کو آگاہ کردیا

پاکستان نے بھارت میں بڑھتے اسلاموفوبیا واقعات پر او آئی سی کو آگاہ کردیا
April 30, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان نے بھارت میں ریاستی سطح پر بڑھتے اسلاموفوبیا اور اسلام دشمن واقعات بارے تشویشناک صورتحال سے اسلامی تعاون تنظیم کو آگاہ کر دیا۔ اقوام متحدہ میں مستقل مندوب منیر اکرم نے او آئی سی رکن ممالک کو خطوط ارسال کرکے او آئی سی ممالک کو ہندو انتہاء پسند راشٹریہ سوک سَنگھ، بھارتیہ جنتا پارٹی کی سیاست سے آگاہ کیا۔ منیر اکرم نے لکھا کہ بھارت میں مسلمانوں کی جان اور مال کو شدید خطرات لاحق ہیں، بھارتی ریاستی پشت پناہی سے جاری اسلاموفوبیا انتہائی خطرناک ہے۔ انہوں نے مسلم آبادی سے ہمدردی پر گاندھی کے قتل، بابری مسجد کی شہادت کا ذکر کیا۔ 1992ء کے ممبئی اور 2002ء کے گجرات مسلم کش فسادات کا بھی ذکر کیا۔ پاکستانی مندوب نے خط میں لکھا کہ بی جے پی حکومت کے دوران گائے ذبح کرنے پر مسلمانوں پر تشدد، قتل میں 97 فیصد اضافہ ہوا، بھارت کے مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ اقدامات، متنازعہ شہریت قانون کا برملا اظہاربھارت کورونا وباء کو بھی تبلیغی جماعت سمیت مسلمانوں کو نشانہ بنانے کیلئے استعمال کر رہا ہے۔ منیر اکرم نے مزید  لکھا کہ ہندوستانی ہسپتالوں میں نسلی تعصب، امتیازی سلوک بنیاد پر علاج ہو رہا ہے، ریاستی دہشتگردی اور انتہاء پسند رویے سے مسلم شناخت کا خاتمہ چاہتا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ دنیا، بھارت میں بڑھتی اسلام دشمنی کا نوٹس لے۔