Wednesday, April 24, 2024

پاکستان نے بھارت سے پلوامہ ڈوزیئر پر وضاحت مانگ لی

پاکستان نے بھارت سے پلوامہ ڈوزیئر پر وضاحت مانگ لی
April 11, 2019

اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان نے پلوامہ ڈوزیئر کے معاملے میں بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر لیا اور 8 سوالات پر وضاحت طلب کر لی۔

 ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات چاہتا ہے،  لیکن مذاکرات کی خواہش کو پاکستان کی کمزوری نہیں سمجھنا چاہیے، پاکستان کشیدگی نہیں چاہتا لیکن ہر طرح کی جارحیت کا جواب ضرور دیا جائے گا۔ بھارت نے اگر دوبارہ کوئی حرکت کی تو ہماراجواب وہی ہو گا جو 27 فروری کو تھا۔

 ڈاکٹرمحمد فیصل کا کہنا تھا حریت رہنماؤں سمیت کشمیریوں پر بھارتی تشدد کی مذمت کرتے ہیں۔ عالمی برادری کشمیریوں پر بھارتی مظالم رکوانے میں کردار ادا کرے۔ پلوامہ واقعے پر بھارتی ہائی کمیشن کو مزید سوالات کا ایک سیٹ دیا گیا ہے، امید ہے بھارت واقعے سے متعلق ہمارے سوالات کا جلد جواب دے گا۔ بھارت کی جانب سے حملے کی ٹھوس انٹیلی جنس رپورٹ تھی، اسی لیے وزیرخارجہ نے اس کا ذکر کیا۔

 ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ انٹرا افغان مذاکرات کا دوسرا دور بھی ماسکو میں ہو رہا ہے، پاکستان افغان مفاہمتی عمل کا حامی ہے، ہم مستقبل میں بھی مفاہمتی عمل کی حمایت جاری رکھیں گے، تاہم پاکستان دوحا میں ہونے والے امریکہ اور طالبان مذاکرات کا حصہ نہیں ہو گا۔