Friday, March 29, 2024

پاکستان نے بنگلہ دیش کو ایک اننگز اور 44 رنز سے شکست دیدی

پاکستان نے بنگلہ دیش کو ایک اننگز اور 44 رنز سے شکست دیدی
February 10, 2020
راولپنڈی ( 92 نیوز) پاکستان نے پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیشی ٹیم کو ایک اننگز اور 44 رنز سے شکست دیدی ، بنگلہ دیشی کھلاڑیوں نے پہلی اننگز میں 233 رنز بنائے ، پاکستان نے جواب میں 445 رنز بنائے اور 212 رنز کی برتری حاصل کی ، دوسری اننگز میں بنگلہ دیشی ٹیم 168 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی ۔

پہلے روز کا کھیل

راولپنڈی ٹیسٹ میں پہلے ہی  روز سے پاکستانی باؤلرز نے اپنی دھاک بٹھائے رکھی اور بنگال ٹائیگرز پر اپنے مضبوط پنجے گاڑ دئیے،شاہین شاہ آفریدی نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے حریف ٹیم کو کھل کر شاٹس لگانے کا موقع نہ دیااور پوری بنگلہ دیشی ٹیم 233رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ۔ فاسٹ باؤلر شاہین شاہ  آفریدی اور محمد عباس نے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 3رنز کے مجموعی اسکور پر دونوں  بنگلہ دیشی اوپنرز کو پویلین بھیج دیا۔ بنگلہ دیشی کپتان مومن الحق اور نجم الحسین نے  ٹیم کاا سکور 63رنز تک پہنچا دیا، مومن الحق 30رنز بنا کر  شاہین شاہ آفریدی کا شکار ہوئے، محمد متھن نے کچھ مزاحمت دکھائی تاہم وہ بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 63رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ محمدمتھن کےآؤٹ ہونے پر باقی بنگلہ دیشی بلے باز ریت کی دیوار ثابت ہوئے اور ایک ایک کرکے آؤٹ ہوتے گئے۔ شاہین شاہ آفریدی نے چار، محمد عباس اور حارث سہیل نے دو، دو بنگال ٹائیگرز کا شکار کیا۔ کم روشنی کے باعث میچ کچھ اوور پہلے ختم کردیا گیا،بنگلہ دیشی مڈل آرڈر بیٹسمین نجم الحسن نے کہا پاکستانی باؤلرز نے شاندار باؤلنگ کی۔

دوسرے روزکا کھیل

میچ کے دوسرے   روز پاکستانی کھلاڑیوں نے بلے بازی کے جوہر دکھائے  ، گو کہ پاکستان کی جانب سے آغاز اچھا نہ کیا جا سکا ، اوپنر عابد علی بغیر کوئی رن بنائے ابو جاید کی گیند پر وکٹ کیپر لٹن داس کو کیچ تھما کر پویلین لوٹ گئے ۔ ٹاپ آرڈر کپتان اظہر علی بھی 34 رنز پر ہمت ہار گئے ، اس طرح 93 رنز کے مجموعی اسکو رپر  پاکستان کی دو وکٹیں گر چکی تھیں ۔ اوپنر شان مسعود اور مڈل آرڈر بابر اعظم نے ٹیم کی ڈولتی ناؤ کو سنبھالا دیا ، دونوں کھلاڑیوں نے شاندار سینچریاں جڑیں  اور ٹیم کو بے یقینی کی صورتحال سے باہر نکال دیا۔ اوپنر شان مسعود نے 11 چوکوں کی مدد سے 100 اسکور بنائے  ، وہ 54ویں اوور میں  تیج الاسلام کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے ۔ بابر اعظم  کے ساتھ تجربہ کار اسد شفیق کریز پر رکے تو  رنز تیزی سے آگے بڑھے ، دونوں کھلاڑیوں نے بنگالی شیروں کا خوب امتحان لیا اور دن کے اختتام  تک اسکور کو 342 تک پہنچا دیا ۔ دن کے اختتام پر پاکستان کو بنگلہ دیش پر 109 رنز کی سبقت حاصل تھی اور  ابھی 7 وکٹیں اور تین دن کاکھیل باقی تھا ۔

تیسرے روز کا کھیل

میچ کے تیسرے روز  پاکستانی ٹیم  455 رنز پر آؤٹ ہو گئی  جسے  بنگلہ دیش کے خلاف پہلی اننگزمیں 222 رنز کی برتری حاصل ملی ۔پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 143، شان مسعود 100، حارث سہیل 75، اسد شفیق 65 رنز بناکر نمایاں رہے۔ محمد ر ضوان 10 اور یاسر شاہ 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے ابو جائید اور روبیل حسین نے 3، 3 جبکہ تیج الاسلام نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

بنگلہ دیش کی بیٹنگ

پاکستان کی 212 رنز کی برتری ختم کرنے کیلئے بنگالی اوپنرز نے محتاط انداز اپنایا ، پہلے اوور میں 5،دوسرے میں ایک ،تیسرے میں دو جبکہ چوتھے میں کوئی رن نہ بنایا ۔ تمیم اقبال نے پانچویں اوور میں جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے نسیم شاہ کو دو چوکے لگائے۔ چھٹے اوور میں بھی پاکستانی باؤلر محمد عباس کو ایک چوکا لگا۔ساتویں اوور کی پہلی ہی گیند پر تمیم اقبال نے نسیم شاہ  جبکہ آٹھویں اوور کی  پہلی گیند پر محمد عباس کو چوکا جڑا۔

پہلی وکٹ

نویں اوور کی پہلی  اور دوسری گیند پر بنگالی اوپنر سیف حسن نے نسیم شاہ کو چوکے جڑے ، اوور کی تیسری ، چوتھی اور پانچویں گیند پر  کوئی رن نہ بنا  جبکہ آخری گیند پر سیف حسن نسیم شاہ کی گیند کو سمجھ نہ پائے اور کلین بولڈ ہو کر پویلین لوٹ گئے ۔ اس طرح بنگلہ دیش کی پہلی وکٹ 39 رنز پر گری ۔ محمد عباس کے دسویں اوور کو تمیم اقبال نے پوری طرح محتاط ہو کر کھیلا اور اس اوور میں کوئی اسکور نہ بنا ۔گیارہویں اوور میں تمیم اقبال نے پھر نسیم شاہ کو دو چوکے جڑے جبکہ محمد عباس کا اگلا اوور پھر میڈ ان رہا۔تیرہویں اوور میں دو رنز بنے  جس کے بعد چائے کا وقفہ ہو گیا۔ وقفے کے بعد چودھواں اوور یاسر شاہ نے پھینکا جس میں کوئی رن نہ بنا ،اگلا اوور نسیم شاہ نے کرایا ، یہ اوور بھی میڈ ان رہا ۔

دوسری وکٹ

سولہویں اوور کی پانچویں گیند پر تمیم اقبال یاسر شاہ کی گھومتی گیند کا صحیح سے اندازہ نہ لگا پائے ،اور ایل بی ڈبلیو ہو کر چلتے بنے ، انہوں نے چھ چوکوں کی مدد سے 56 گیندوں پر 34 رنز بنائے ۔بنگالی کھلاڑی اس قدر محتاط ہو کر کھیلتے رہے کہ 17ہویں ، 18ہویں اور 19 ویں اوورز میں صرف ایک ایک رن ہی بنا پائے ۔

نسیم شاہ کی ہیٹ ٹرک

بیسویں اوور میں 3،اکیسویں میں صفر اور بائیسویں میں ایک رن بنا ۔ تیسری وکٹ کی شراکت میں نجم الحسن اور  کپتان مومن الحق نے 71 رنز بنائے ۔  41ویں اوور کی چوتھی گیند پر نجم الحسن نسیم شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے ، پانچویں گیند پر تیج الاسلام  بھی ایل بی ڈبلیو اور چھٹی گیند پر محمد اللہ ،حارث سہیل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے  اور اس طرح نسیم شاہ کی ٹیسٹ کرکٹ میں  پہلی ہیٹ ٹرک بھی ہو گئی ۔ [caption id="attachment_266321" align="alignnone" width="613"]نسیم شاہ کی ہیٹ ٹرک نسیم شاہ کی ہیٹ ٹرک[/caption]

چھٹی وکٹ

پینتالیسویں اوور کی پانچویں گیند پر محمد متھن یاسر شاہ کی جادو گری کا شکار ہو کر کلین بولڈ ہو گئے ، اگلی گیند لٹن داس نے کھیلی جس پر کوئی اسکور نہ بنا  اور دن کا اختتام ہو گیا۔ بنگلہ دیشی کھلاڑیوں نے چوتھے دن کا آغاز 126 رنز اور 6 وکٹوں کے نقصان سے کیا مگر بنگالی کھلاڑی پاکستانی طوفانی باؤلنگ کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئے اور آخری چار وکٹیں صرف 18 اوورز میں ہی گر گئیں ۔

ساتویں وکٹ

دن کے آغاز اور پہلے ہی اوور میں شاہین شاہ آفریدی نے بنگلہ دیش کی ساتویں وکٹ گرا دی  جب  کپتان مومن الحق  ایل بی ڈبلیو ہو کر پویلین لوٹ گئے ۔

آٹھویں وکٹ

دن کے تیرہویں اوور کی پانچویں گیند پر محمد عباس نے روبیل حسین کو بھی چلتا کیا ، وہ بھی ایل بی ڈبلیو ہوئے ۔

نویں وکٹ

بنگلہ دیش کی نویں وکٹ لٹن داس کی صورت میں گری جب یاسر شاہ نے انہیں ایل بی ڈبلیو کرکے پویلین کی راہ دکھائی ۔

دسویں وکٹ

ابو جائد بنگلہ دیش کی جانب سے آؤٹ ہونے والی آخری کھلاڑی تھے ، انہوں نے یاسر شاہ کی گیند پر اسد شفیق کو کیچ تھمایا ۔ [caption id="attachment_266332" align="alignnone" width="600"]pakistan پاکستان نے پہلے ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کو ایک اننگز اور 44رنز سے شکست دیدی پاکستان نے پہلے ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کو ایک اننگز اور 44رنز سے شکست دیدی[/caption]

پاکستانی باؤلنگ

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے پہلی اننگز میں 4،دوسری میں ایک وکٹ حاصل کی ۔ محمد عباس نے پہلی میں دو ،دوسری میں ایک وکٹ حاصل کی ۔ نسیم شاہ نے پہلی اننگز میں ایک ، دوسری میں چار وکٹیں جبکہ یاسر شاہ پہلی اننگز میں وکٹ لینے میں ناکام رہے مگر دوسری اننگز میں انہوں نے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔ حارث سہیل نے بھی پہلی اننگز میں دو وکٹیں حاصل کیں ۔

مین آف دی میچ

نسیم شاہ کو ہیٹ ٹرک کی صورت مین  اہم ترین تین وکٹیں جبکہ میچ میں مجموعی طور پر پانچ وکٹیں حاصل کرنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ پاکستان کو دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 0-1 سے برتری حاصل ہے ۔ دوسرا میچ پانچ اپریل سے کراچی میں ہوگا۔