Thursday, May 9, 2024

پاکستان نے بنگلہ دیش کو 9وکٹوں سے شکست دیکر سیریز جیت لی

پاکستان نے بنگلہ دیش کو 9وکٹوں سے شکست دیکر سیریز جیت لی
January 25, 2020
لاہور ( 92 نیوز) پاکستان نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں بنگلہ دیش کو 9  وکٹوں سے شکست دیکر ٹی 20 سیریز میں  فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ۔ بنگلہ دیش کی جانب سے دیے گئے 137 رنز کے ہدف کو پاکستان کے شاہینوں نے صرف ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا ۔کپتان بابر اعظم  66 جبکہ محمد حفیظ  67 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے ۔ پاکستانی ٹیم 137 رنز کے ہد ف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم اور احسن علی  بطور اوپنر میدان میں اترے ، اوپنر احسن علی دوسرے اوور کی چوتھی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے سیف الاسلام کی گیند پر محمد اللہ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ۔ احسن علی کے بعد محمد حفیظ نے کپتان بابر اعظم کا ساتھ دیا اور دوسری وکٹ کی شراکت میں 131 رنز کی ناقابل شکست  اننگز کھیلی ۔ کپتان بابر اعظم نے 44 گیندوں پر ایک چھکے اور 7 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 66 رنز بنائے جبکہ محمد حفیظ نے 49 گیندوں پرایک چھکے اور 9 چوکوں کی مدد سے ناقابل 67 رنز کی اننگز کھیلی ۔ اس سے قبل بنگلہ دیش نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹیں کے نقصان پر 136 رنز بنائے ۔ اوپنر تمیم اقبال 65 رنز بنا کر نمایاں رہے  ، جبکہ کوئی دوسرا کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا ، بنگالی ٹیم کے چار کھلاڑی دوہرے ہندسے میں بھی داخل نہ ہو سکے ۔ بنگلہ دیش کی پہلی وکٹ 5 کے اسکور پر گری جب اوپنر محمد نعیم دوسرے اوور کی دوسری گیند پر  شاہین شاہ آفریدی کا شکار بنے ، وکٹ کیپر محمد رضوان نےان کا کیچ تھاما۔وہ کھاتا کھولے بغیر ہی پویلین لوٹے ۔ بنگلہ دیش کو دوسرا  جھٹکا 22 کے اسکور پر لگا جب  پانچویں اوور میں  حسنین کی گیند پر ٹاپ آرڈر مہدی حسن وکٹ کیپر کو کیچ تھما بیٹھے ، انہوں نے  9 اسکور کئے ۔ مڈل آرڈر وکٹ کیپر بلے باز لٹن داس آوٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی تھے ، وہ شاداب خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے ، انہوں نے 8 اسکور بنائے ۔ چھیاسی کے مجموعی اسکور پر بنگلہ دیش کی چوتھی وکٹ گری ، عفیف حسین   محمد حسین کی گیند پر حارث روف کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ، انہوں نے 21 اسکور بنائے ۔ کپتان محمد اللہ کی مزاحمت  بھی 12 رنز تک محدود رہی وہ حارث رؤف کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے ۔ سومیا سرکار 5 اور امین الاسلام 8 اسکور بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔ پاکستان نے  سیریز میں 0-2 کی حتمی برتری حاصل کرلی ۔