Tuesday, April 23, 2024

پاکستان نے بالآخر فتح کا مزہ چکھ لیا، دوسرے ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کو 328رنز سے ہرا کر سیریز اپنے نام کر لی

پاکستان نے بالآخر فتح کا مزہ چکھ لیا، دوسرے ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کو 328رنز سے ہرا کر سیریز اپنے نام کر لی
May 9, 2015
ڈھاکہ (92نیوز) پاکستان نے بنگلا دیش کو دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں 328رنز سے شکست دے کر سیریز ایک صفر سے اپنے نام کر لی ہے۔ واضح رہے کہ دورہ بنگلہ دیش میں یہ پاکستانی ٹیم کی پہلی کامیابی ہے۔ میرپور ڈھاکہ کے شیربنگلہ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے آٹھ وکٹوں پر پانچ سو ستاون رنز بنا کر اپنی پہلی اننگز ڈیکلیئر کی تھی، بنگلا دیش کو دوسو تین رنز پر ڈھیر کرنے کے بعد پاکستان نے دوسری اننگز میں پانچ وکٹوں پر ایک سو پچانوے رنز بنائے اور اننگز ڈیکلیئر کر دی، بنگلہ دیشی ٹیم کو پانچ سو پچاس رنز کا ہدف ملا مگر میزبان ٹیم چوتھے ہی روز آوٹ ہو کر پویلین لوٹ گئی۔ بنگلہ دیشی ٹیم نے آخری اننگز میں 221رنز بنائے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے مومن الحق نے سب سے زیادہ 68رنز بنائے جبکہ تمیم اقبال 42رنز بنا سکے۔ پاکستان کی جانب سے یاسرشاہ نے 4، عمران خان نے 2 جبکہ جنیدخان، وہاب ریاض اور محمدحفیظ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ قبل ازیں پہلی اننگز میں اظہرعلی کے 226، یونس خان کے 148 اور اسدشفیق کے 107رنز کی بدولت پاکستانی ٹیم ایک بڑا ٹوٹل کرنے میں کامیاب ہوئی۔