Monday, September 16, 2024

پاکستان نے ایک روزہ کرکٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو ہرا کر سیریز جیت لی

پاکستان نے ایک روزہ کرکٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو ہرا کر سیریز جیت لی
April 12, 2017
گیانا (92 نیوز) پاکستان نے ویسٹ انڈیزکو دن میں تارے دکھا دیے،،گرین شرٹس نے تیسرا میچ چھ وکٹوں سے اپنے نام کر کے سیریز دو ایک سے جیت لی، شعیب ملک مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز رہے۔ شاہینوں نے ایک اور سیریز میں ویسٹ انڈیز کو چاروں شانے چت کر دیا۔ شعیب ملک نے شاندار چھکا لگا کر سنچری بنانے، میچ اور سیریز جیتنے کا جشن منایا۔ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کیخلاف مسلسل نویں سیریز اپنے نام کی اور چھبیس سال سے ویسٹ انڈیز میں ناقابل شکست رہنے کا ریکارڈبھی قائم رکھا۔ دوسو چونتیس رنز کے تعاقب کے آغاز میں ہی ڈگمگانے والی ٹیم کو سینیر بلے بازوں نے سہارا دیا۔ شعیب ملک اور حفیظ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ کامران اکمل اور احمد شہزاد ایک بار پھر ناکام رہے۔ بابراعظم بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹک سکے۔ لیکن پروفیسر اور ملک کے درمیان ایک سو تیرا رنزکی شراکت گرین شرٹس کو میچ میں واپس لے آئی۔ شعیب ایک سو ایک رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ حفیظ نے اکیاسی رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ اس سے پہلے ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کو ترجیح دی لیکن پاکستانی باؤلرز نے میزبان ٹیم کو دو سو تینتس رنز تک ہی محدود کر دیا۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف فتح کے ساتھ ہی قومی ٹیم سب سے زیادہ ون ڈے جیتنے والی دنیا کی دوسری ٹیم بن گئی ساتھ ہی ورلڈ کپ کوالیفائر کی رکاوٹ بھی دور ہو گئی۔