Wednesday, April 24, 2024

پاکستان نے ایٹمی پروگرام محدود کرنے کا امریکی مطالبہ مسترد کر دیا

پاکستان نے ایٹمی پروگرام محدود کرنے کا امریکی مطالبہ مسترد کر دیا
September 21, 2016
نیویارک (92نیوز) پاکستان نے ایٹمی پروگرام یکطرفہ طور پر محدود کرنے کا امریکی مطالبہ مسترد کر دیا۔ جن اقدامات کیلئے ہم سے کہا جا رہا ہے اس کا مطالبہ بھارت سے بھی کیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق سیکرٹری خارجہ اعزاز چودھری اور اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے نیویارک میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف دنیا کے سامنے مقبوضہ کشمیرکا مقدمہ ٹھوس انداز میں پیش کریں گے۔ ڈاکٹرملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف نے جان کیری پر واضح کیا کہ ایٹمی پروگرام پر جن اقدامات کا مطالبہ پاکستان سے کیا جا رہا ہے وہ پہلے بھارت سے کرائے جائیں۔ اس موقع پر سیکرٹری خارجہ اعزاز چودھری نے کہا کہ جنرل اسمبلی میں وزیراعظم نوازشریف کی تقریر کا مسودہ تیار کر لیا گیا۔ وزیراعظم مقبوضہ کشمیرکا مقدمہ ٹھوس انداز میں دنیا کے سامنے پیش کرینگے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی تقریر میں بھارت کی جانب سے پاکستانی علاقوں میں مداخلت کا ذکر بھی ہو گا۔ ایک سوال کے جواب میں اعزاز چودھری کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کےخلاف سب سے بڑی جنگ لڑی ہے۔ اس وقت پاکستان کی سیاسی وعسکری قیادت متحد ہے۔