Friday, March 29, 2024

پاکستان نے ایل او سی سے متعلق بھارتی میڈیا کی قیاس آرائی کو بے بنیاد قرار دیدیا

پاکستان نے ایل او سی سے متعلق بھارتی میڈیا کی قیاس آرائی کو بے بنیاد قرار دیدیا
August 8, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان نے ایل او سی سے نام نہاد دہشت گرد مقبوضہ کشمیر میں داخل کرنے کی بھارتی میڈیا کی قیاس آرائی کو جھوٹ اور بے بنیاد قرار دیدیا، ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ 9 لاکھ سے زائد بھارتی فورسز کی موجودگی میں یہ کیسے ممکن ہے، بھارت کچھ وقت کے بعد ہمیشہ ایسے الزامات دوہراتا رہتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری کا کہنا تھا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر دنیا میں سب سے زیادہ 9 لاکھ فوج کی موجودگی رکھنے والا خطہ ہے، بھارت نے تہہ در تہہ خاردار باڑ، سکیورٹی نظام کے علاوہ الیکڑانک نگرانی کے آلات نصب کررکھے ہیں، ایسے میں دراندازی کے الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں۔

ترجمان کے مطابق بھارتی مکروہ چہرہ اور عزائم یورپی یونین ڈس انفو لیب پہلے ہی پوری طرح بے نقاب کر چکی، ترجمان نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر اور پاکستان کے خلاف ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے، بھارت کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت دنیا کو دے چکے ہیں، بھارت جنگ بندی معاہدے سے فرار کے بہانے نہ ڈھونڈے، بھارتی غیرذمہ دارانہ رویے کے نتائج خطے کے امن و سلامتی کے لئے اچھے نہیں ہوں گے۔