Sunday, May 19, 2024

پاکستان نے ایف 16 طیارہ مار گرانے کا بھارتی دعویٰ مسترد کر دیا

پاکستان نے ایف 16 طیارہ مار گرانے کا بھارتی دعویٰ مسترد کر دیا
November 23, 2021 ویب ڈیسک

اسلام اباد (92 نیوز) فروری 2019 میں پاک فضائیہ کا ایف 16 طیارہ مار گرانے کا بھارتی دعوی پاکستان نے پھر مسترد کر دیا۔

ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار کا کہنا ہے کہ ایف سولہ طیارہ گرانے کے بھارتی دعوے بےبنیاد، من گھڑت ہیں۔ بھارتی پائلٹ ابھِینندن کی گرفتاری سے پہلے ایف 16 جہاز گرانے کا بھارتی دعویٰ جھوٹا ہے۔ ابھینندن کو ایوارڈ دینے کا مقصد بھارتی عوام کی اصل حقائق سے توجہ ہٹانا ہے۔ بھارتی پائلٹ کو ایوارڈ دینا اپنی عوام کو خوش کرنا اور خفت مٹانا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ عالمی ماہرین، امریکی حکام نے تصدیق کی کہ اس دن پاکستان کا کوئی ایف سولہ طیارہ نہیں گرا۔ بین الاقوامی اور امریکی ماہرین نے ایف 16 طیاروں کے اسٹاک کا بغور جائزہ لیا۔ بھارتی پائلٹ کو اعزاز سے نوازنا فوجی اصولوں اور اقدار کے منافی ہے۔ شکست خوردہ بھارتی پائلٹ کو اعزاز سے نوازنا اپنا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ نے 27 فروری 2019ء کو 2 بھارتی جہازوں کو دن کی روشنی میں مار گرایا تھا۔ ایک بھارتی مگ 21 طیارہ آزاد جموں و کشمیر کی حدود میں تباہ کیا گیا جس کے پائلٹ کو پاکستان نے پکڑا، پھر جذبہ خیرسگالی کے تحت رہا کیا۔ بھارتی پائلٹ کو واپس بھیجنا دلیل ہے کہ پاکستان بھارتی ہٹ دھرمی کے باوجود امن کا خواہاں ہے۔